الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم پاکستان سے جواب مانگ لیا

(قدرت روزنامہ)الیکشن کمیشن نے آئندہ سماعت تک ایم کیو ایم پاکستان سے جواب مانگ لیا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آفس اسلام آباد میں ایم کیو ایم پاکستان کی انٹرا پارٹی انتخابات کیس کی سماعت ہوئی۔

ایم کیو ایم کے وکیل نے الیکشن کمیشن سے جواب دینے کیلئے وقت مانگ لیا۔

دورانِ سماعت وکیل ایم کیو ایم نے الیکشن کمیشن سے کہا کہ درخواست کی کاپی ملے تو ہی جواب دینے کی پوزیشن میں ہوں گے۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان انٹراپارٹی انتخابات کی جگہ بوگس کارروائی کی گئی۔

شاہد پاشا نے کہا کہ تین بار ڈپٹی کنوینر رہا ہوں مجھےغیرآئینی طریقے سے ہٹایا گیا۔ پارٹیوں کے اندر جمہوریت ہوگی تب ہی بہتری آئے گی۔

ممبر سندھ نثاردرانی نے کہا کہ آپ تو کیس میں فریق ہی نہیں ہیں۔

ممبر بلوچستان بولے آپ کو درخواست دینے کا کہا ہے بحث نہ کریں۔ سیاست کرنے کا شوق ہے تو طریقہ کاربھی فالو کریں۔

شاہد پاشا نے الیکشن کمیشن سے کہا کہ دو سال پہلے درخواست بھجوائی تھی وہ کہاں ہے؟

ممبر سندھ نثار درانی نے کہا کہ دو سال پہلے کی بات نہ کریں، فریق بننا ہے تو درخواست دیں۔

الیکشن کمیشن آفس نے مزید سماعت 7 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت میں جواب مانگ لیا۔