دہشت گردی اور بدامنی کا سب سے زیادہ نشانہ جے یو آئی بنی، دیگر جماعتوں نے عوام کو محض خوشنما نعروں سے دھوکہ دیا: مولانا عبدالواسع
جب صوبے میں امن مخدوش تھا تب جے یو آئی نے قربانیاں دے کر عوامی رہنمائی کا فریضہ نبھایا: صوبائی امیر

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ)امیر جمعیت علماء اسلام بلوچستان، سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا ہو یا بلوچستان، دہشت گردی، بدامنی اور عدم استحکام سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی جماعت جمعیت علماء اسلام ہے۔ یہ وہ جماعت ہے جس نے ہمیشہ قربانیاں دے کر امن و استحکام کے قیام کی جدوجہد کی اور عوام کی خدمت کو اپنا مشن بنایا۔انہوں نے کہا کہ جب بلوچستان میں حالات انتہائی مخدوش تھے، دہشت گردی عروج پر تھی، وسائل محدود اور ترقی کا کوئی تصور نہیں تھا، اس وقت جمعیت علماء اسلام ہی وہ واحد جماعت تھی جس نے کسی خوف یا دباؤ کے بغیر عوام کی رہنمائی کی، اپنے اکابرین اور کارکنان کی قربانیوں کے ذریعے امن و بھائی چارے کا پیغام دیا اور ہر مشکل گھڑی میں عوام کے درمیان موجود رہی۔انہوں نے کہا کہ اگر آج بلوچستان میں کوئی ترقیاتی منصوبہ موجود ہے تو وہ جمعیت علماء اسلام کے محدود دور حکومت کی مرہون منت ہے۔ ہم نے ہمیشہ حقیقت پر مبنی سیاست کی ہے اور محض دعووں یا نعروں کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج جمعیت علماء اسلام صوبے کی واحد اکثریتی جماعت ہے جو تمام اقوام، قبائل اور طبقوں کی حقیقی نمائندگی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ امن و امان کے قیام کے لیے قربانیاں دی ہیں، ہمارے علمائ ، قائدین اور کارکنان نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اس خطے میں امن کے قیام کے لیے لازوال خدمات انجام دیں۔ یہ جماعت وہ واحد قوت ہے جس نے ہر مشکل وقت میں صبر، استقامت اور قربانی کی تاریخ رقم کی ہے۔ جب دیگر جماعتیں صرف زبانی دعوے کر رہی تھیں، تب جمعیت علمائ اسلام کے کارکنان عوام کی صفوں میں موجود تھے اور عملی طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ علمائے کرام نے صوبے کے عوام کو حب الوطنی سے سرشار کیا، انہیں ملک کے وفادار شہری بنایا اور ہمیشہ ثابت قدم رہنے کا درس دیا۔ اس جماعت کی خدمات صوبے کے ہر گلی، کوچے اور علاقے میں نمایاں ہیں۔ عوام کو خوشنما نعروں کے جال میں پھنسانے والوں کے مقابلے میں، جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ عملی رہنمائی اور تربیت فراہم کی ہے اور ہر موقع پر عوام کے بہتر مستقبل کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کی قربانیوں اور خدمات کی یہ تاریخ ایک روشن باب ہے، جسے کوئی بھی جھٹلا نہیں سکتا۔ اس جماعت نے ہمیشہ عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی اور آج بھی اسی مشن کو لے کر آگے بڑھ رہی ہے۔
