مجھے خیبرپختونخواہ میں گورنر راج نہیں بلکہ صاف نظر آرہا ہے کہ ایمرجنسی لگے گی، پرویزخٹک

اگر آفر آئی تو میں سوچوں گا کہ کیا کردار ادا سکتا ہوں، اگر میں گڈگورننس نہیں لا سکتا، حالات کو بہتر نہیں کرسکتا تو پھر میرا کیا کام ہے؟ سابق وزیراعلیٰ کی گفتگو


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ مجھے خیبرپختونخواہ میں گورنر راج نہیں بلکہ صاف نظر آرہا ہے کہ ایمرجنسی لگے گی، اگر آفر آئی تو میں سوچوں گا کہ کیا کردار ادا سکتا ہوں۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے بارے کچھ نہیں کہہ سکتا، کیونکہ مجھے ایسی کوئی آفر نہیں آئی، گورنر راج کا کوئی فائدہ نہیں، کیونکہ گورنر راج 3 ماہ زیادہ سے زیادہ 6ماہ بعد ختم ہوجائے گا۔
لیکن ایمرجنسی کا وقت مقرر نہیں ہوتا وہ زیادہ دیر چل سکتی ہے۔ مجھے لگتا بھی نہیں کہ گورنر راج لگے گا، مجھے صاف نظر آرہا ہے کہ ایمرجنسی لگے گی۔ مجھے ابھی آفر نہیں آئی ، حالات پر منحصر ہے ، اگر مجھے آفر آتی ہے تو دیکھوں گا۔

اگر آفر آئی تو بندہ سوچتا ہے کہ میں کیا کردار ادا سکتا ہوں۔اگر میں حالات کو تبدیل نہیں کرسکتا یا گڈگورننس نہیں لا سکتا، صوبے کیلئے بہتری نہیں کرسکتا تو پھر میرا کیا کام ہے؟ دوسری جانب ٹی وی اینکر کامران شاہد کی خبر کے مطابق ایوانِ صدر میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
ایکس پر کامران شاہد نے ٹویٹ میں کہا کہ معتبر ذرائع کے مطابق آج ایوانِ صدر میں ہونے والے اہم اجلاس میں اس بات پر تمام فریقین کا اتفاق ہو گیا ہے کہ خیبر پختونخوا (کے پی) میں ایمرجنسی نافذ کی جائے۔ اس مقصد کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس 13 اکتوبر کو طلب کر لیے گئے ہیں، ایمرجنسی نافذ کرنے کی بنیاد گورنر کی جانب سے امن و امان کی صورتِ حال سے متعلق پیش کی گئی رپورٹ ہے۔
کیا مولانا اس فیصلے کو واپس کروانے کے لیے کوئی اہم پیش رفت کر سکیں گے؟ اس فیصلے کو واپس کروانے کے امکانات ایک فیصد سے بھی کم ہیں۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کا حل گورنرراج یا ایمرجنسی نہیں، اس سے بحران مزید بڑھے گا، ایمرجنسی صوبے اور وفاق دونوں کیلئے نقصان دہ ہوگی، دہشتگردی کے خاتمے پر اتفاق لیکن اختلاف طریقہ کار پر ہے، عمران خان سے بند ملاقاتیں فوری بحال کریں اس سے بہتری آئے گی۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے پشاور میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی مداخلت نے صوبائی حکومت کی رٹ کمزور کر دی۔

WhatsApp
Get Alert