خالی پیٹ چائے یا کافی پینا کیسا ہے؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اکثر لوگوں کو صبح اُٹھتے ہی چائے یا کافی پینے کی عادت ہوتی ہے اور اس کے بنا وہ کوئی کام ہی شروع نہیں کرتے، لیکن کہیں یہ آپ کی صحت کے لئے نقصان دہ تو نہیں۔ماہرین کے مطابق بِنا کچھ کھائے نہار منہ چائے یا کافی پینا صحت کے لئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، اس کے صحت پر کیا اثرات ہو سکتے ہیں، آیئے جانتے ہیں۔

نہار منہ چائے یا کافی پینا کیسا ہے؟

معدے کے لئے نقصان دہ

چائے اور کافی کی تیزابیت والی تاثیر ہوتی ہے اور ان کو خالی پیٹ پینے سے آپ کے معدے میں تیزابیت کی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے یا آپ کو بدہضمی ہو سکتی ہے، اس لئے سو کر اُٹھنے کے بعد خالی پیٹ استعمال کرنا آپ کے لئے پریشانی کا باعث بن سکتا ہے۔

دانتوں کے لئے نقصان دہ

صبح سویرے خالی پیٹ چائے یا کافی پینے سے آپ کے منہ میں موجود بیکٹریا چینی کو جذب کر لیتے ہیں اور اس کی وجہ سے آپ کے دانتوں میں کیڑے لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ خالی پیٹ میں چائے یا کافی پینے کے بعد اپکائی محسوس ہوتی ہے۔

کیفین کی عادت

چائے اور کافی میں کیفین موجود ہوتا ہے، اگر آپ اسے صبح نہار منہ پینے کی عادت ڈال لیں گے تو اسے نہ پینے کی صورت میں آپ کے سر میں درد یا بھاری پن محسوس ہو سکتا ہے، اس لئے خود کو چائے یا کافی کا عادی بنانے سے گریز کریں اور بغیر چینی کے صرف دن میں ایک کپ یا بہت ضرورت محسوس ہو تو دو کپ کافی اور چائے کا استعمال کریں۔

چائے یا کافی کب پینی چاہیئے؟

چائے یا کافی پینے کا صحیح وقت کچھ کھانے کے 1 سے 2 گھنٹے بعد ہے جب آپ کے معدے میں پہلے سے غذائی اجزاء موجود ہوں ساتھ ہی دوپہر کے کھانے کے بعد یعنی شام کے وقت چائے اور کافی کے ساتھ کوئی ناشتہ کرنا بھی بہتر آپشن ہے۔

ورزش سے پہلے کافی کا استعمال

کافی کا استعمال ورزش سے پہلے بھی کیا جا سکتا ہے ورزش سے پہلے کافی کا استعمال کرنے کا مشورہ ماہرین خود دیتے ہیں کیونکہ یہ آپ کی طاقت اور قوتِ مدافعت میں اضافہ کرتی ہے۔

سونے سے پہلے کافی پینے سے گریز کریں

رات میں سونے سے بلکل پہلے کافی کا استعمال آپ کی نیند خراب کر سکتا ہے اور بار بار آپ کی آنکھ کھلنے کی وجہ بھی بن سکتا ہے اس لئے سونے سے قبل کافی کا استعمال نہ کریں۔

صبح نہار منہ کیا پینا چاہیئے؟

اگر آپ کو صبح سویرے گرما گرم کوئی مشروب پینا ہی ہو تو صبح چائے یا کافی کے بجائے نہار منہ پانی ابال کر اس میں شہد اور لیموں نچوڑ کر پی لیں یہ بہترین بوسٹنگ ڈرنک ہے اور اس کے استعمال سے آپ کا وزن بھی تیزی سے کم ہو سکتا ہے۔