محمد حسنین نے باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ دیدیا، رپورٹ کب آئے گی؟

لاہور(قدرت روزنامہ)بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں باؤلنگ ایکشن رپورٹ ہونے پر محمد حسنین کا بائیو مکینک لیب ٹیسٹ مکمل ہو گیا ہے جس کی رپورٹ 14 دن میں موصول ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلین ٹی 20 لیگ بی بی ایل کے پہلے سیزن میں شاندار آغاز کرنے والے نوجوان فاسٹ باؤلر محمد حسنین کا گزشتہ روز امپائرز کی جانب سے باؤلنگ ایکشن مشکوک قرار دیا گیا تھا جس پر قومی فاسٹ باؤلر نے تین گھنٹے تک لمز یونیورسٹی میں قائم بائیو مکینک لیب میں ٹیسٹ دیا۔
محمد حسنین پہلی مرتبہ بگ بیش لیگ میں شریک ہوئے تھے اور سڈنی تھنڈرز کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے اپنے پہلے ہی میچ میں تباہ کن باؤلنگ کی، اور ایک ہی اوور میں تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ مجموعی طور پر وہ 5 میچز کھیل کر 7 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
واضح رہے کہ سڈنی سکسرز کیخلاف میچ کے دوران محمد حسنین کی ایک باؤنسر کے بعد موئسز ہینریکس نے انہیں طنزیہ انداز میں کہا تھا ’نائس تھرو میٹ‘، تاہم یہ واضح نہیں کہ ان کے باؤلنگ ایکشن کی طرف امپائرز کی توجہ کس نے دلائی۔
آئی سی سی قوانین کے مطابق اگر کسی باؤلر کا بازو 15 ڈگری سے زیادہ خم کھائے تو اس کا باؤلنگ ایکشن غیر قانونی قرار دیا جاتا ہے اور اگر کسی باؤلر کا ایکشن غیر قانونی ثابت ہو جائے تو اسے درست کرنے تک باؤلنگ سے روک دیا جاتا ہے۔
محمد حسنین کا باؤلنگ ایکشن رپورٹ ہونے کے بعد 19 جنوری کو آسٹریلیا میں ان کا ٹیسٹ ہونا تھا مگر اس سے قبل ہی وہ وطن واپس آ گئے جس کے باعث انہوں نے لاہور میں موجود آئی سی سی سے منظور شدہ بائیو مکینک لیب میں ٹیسٹ دیا۔