وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کی آئینی حقوق کے تحفظ، قانون کی حکمرانی اور سرکاری امور میں غیرجانبداری یقینی بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری!

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے تمام متعلقہ سرکاری افسران کو ہدایت کی ہے کہ آئینِ پاکستان 1973 کے تحت شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ شہریوں کو پُرامن اجتماع، آزادیٔ اظہار اور نقل و حرکت کے آئینی حقوق کے استعمال میں کسی غیرقانونی یا غیرآئینی رکاوٹ کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ تمام سرکاری افسران اپنے فرائض آئین، قانون اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل غیرجانبداری اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔ کسی بھی افسر کو کسی بیرونی دباؤ، اثرورسوخ یا غیرمتعلقہ ہدایات کے تحت کام نہیں کرنا چاہیے۔
امن و امان اور عوامی تحفظ کے لیے ضروری اقدامات قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے، بلاامتیاز اور کسی سیاسی وابستگی یا مصلحت سے بالاتر ہو کر کیے جائیں۔ متعلقہ افسران کو ان ہدایات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے اور اپنے ماتحت اداروں تک پہنچانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
