فراری کمانڈر نور خان بگٹی کا اہل خانہ سمیت قومی دھارے میں شامل ہونا بلوچستان میں امن کے لیے نیک شگون ہے: بابر یوسفزئی

بلوچستان کا مستقبل بندوق سے نہیں بلکہ امن، ترقی اور تعلیم سے وابستہ ہے، ریاست سے وابستگی ہی پائیدار امن کی ضمانت ہے


وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی امن دوست پالیسیوں سے صوبے میں اعتماد کی فضا بہتر ہو رہی ہے، ریاستی رٹ اور قانون کی حکمرانی ناگزیر ہے
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) معاون برائے داخلہ حکومتِ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبے میں پائیدار امن کے قیام، استحکام اور عوام کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے کیے جانے والے عملی اقدامات انتہائی قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے ڈیرہ بگٹی میں فراری کمانڈر نور خان بگٹی اور ان کے ساتھیوں کی اپنے خاندان سمیت قومی دھارے میں واپسی کو ایک مثبت پیش رفت اور صوبے میں امن و استحکام کے لیے ایک نیک شگون قرار دیا ہے۔
بابر یوسفزئی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کا مستقبل بندوق نہیں بلکہ امن، ترقی، تعلیم اور خوشحالی سے وابستہ ہے۔ ریاست سے وابستگی اور آئین و قانون کی پاسداری ہی صوبے میں پائیدار امن کی واحد ضمانت ہے، جبکہ فراری عناصر کی اس طرح واپسی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ امن، مفاہمت اور ترقی کا دروازہ ہمیشہ کھلا رہنا چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈیرہ بگٹی میں ہونے والی اس خوش آئند پیش رفت سے علاقے میں باہمی اعتماد کی فضا بہتر ہوگی، امن کی کوششوں کو مزید تقویت ملے گی اور ترقی کے نئے راستے کھلیں گے۔
معاون برائے داخلہ نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی امن دوست پالیسیوں کا بنیادی اور اصل مقصد بلوچستان کے عوام کو ایک محفوظ، مستحکم اور خوشحال مستقبل فراہم کرنا ہے۔ بلوچستان کے نوجوانوں اور آنے والی نسلوں کو پرامن مستقبل دینا ہم سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں دیرپا امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے ریاستی رٹ، قانون کی حکمرانی، بامقصد مذاکرات اور عوامی اعتماد کا فروغ سب سے زیادہ ناگزیر ہے۔

WhatsApp
Get Alert