ایمرجنسی کے نفاذ سے کابینہ تحلیل نہیں ہوتی، آپ نے پورے عوامی مینڈیٹ کو ہی تحلیل کردیا، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے وفاقی حکومت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے پی کے وزیراعلیٰ کو نظر بند کر کے ان سے رابطہ منقطع کر دیا گیا ہے، حکومت ایمرجنسی کا سہارا لے کر جمہوریت اور عوامی مینڈیٹ پر شب خون مار رہی ہے، آئینی طور پر ایمرجنسی کے نفاذ یا گورنر راج سے صوبائی کابینہ اور حکومت ازخود ختم نہیں ہوتی، لیکن وفاق نے آج پورے صوبے کے دو تہائی عوامی مینڈیٹ کو ہی معطل اور تحلیل کر کے رکھ دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکمران اپنے گریبانوں میں جھانک کر دیکھیں، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی تینوں بہنوں اور کزن کو گرفتار کیا گیا، لوگ کوٹ لکھپت اور اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور ہمارے 1,500 سے زائد کارکنان اس وقت پنجاب کی جیلوں میں بند ہیں، کیا یہ تمام تر انتقامی کارروائیاں اور گرفتاریاں دہشت گردی کو روکنے کے لیے کی گئی ہیں؟۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کو لگتا ہے کہ وہ صرف ہمارا بندوبست کر رہے ہیں، لیکن حقیقت میں انہوں نے پورے ملک، آئین اور جمہوریت کا ہی بندوبست کر دیا ہے، تاریخ میں ایسا کب ہوا ہے کہ دو تہائی اکثریت رکھنے والے صوبے کے منتخب وزیرِ اعلیٰ کو حراست میں رکھا جائے اور ان سے رابطہ تک ممکن نہ رہے؟ ہمیں اطلاعات مل رہی ہیں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو ہاؤس اریسٹ کر کے زیرِ حراست رکھا گیا ہے، دنیا کے کسی خطے میں ایسا نہیں ہوتا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ 5 اگست سے اب تک حکومت کے ساتھ ہونے والی 15 سے زائد ملاقاتوں میں سے کسی ایک نشست میں بھی دہشت گردی کے موضوع کا ذکر تک نہیں ہوا تھا، 2 اکتوبر کو مذاکرات کے دوران جب اچانک دہشت گردی کا معاملہ اٹھایا گیا تو ہم نے حکومتی وفد کو فوری طور پر واضح کیا تھا کہ ہمیں پہلے ہی مذاکرات کا ایجنڈا طلب کرنا چاہیے تھا، ہم سمجھ رہے تھے کہ ایک سیاسی جماعت کے آئینی مطالبات پر گفتگو ہو رہی ہے لیکن حکومت کا اصل ایجنڈا کچھ اور ہی تھا جو آج ایمرجنسی کی صورت میں سامنے آ گیا۔
