سہیل آفریدی حفاظتی تحویل میں ہیں، گرفتار نہیں کیا گیا،عطا تارڑ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی حفاظتی تحویل میں ہیں، گرفتار نہیں کیا گیا، خیبرپختونخوا اسمبلی کی حیثیت معطل ہو چکی ہے۔ایک انٹرویو میں عطاتارڑنے کہاکہ سہیل آفریدی اپنے دوروں کے دوران مختلف مقامات پر گئے اور وہاں دہشت گردوں سے اپنے لوگوں کا خیال رکھنے کی بات کی، ایسے اقدامات کے ذریعے لوگوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال کر سیاسی مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے سہیل آفریدی پر صوبے میں دہشت گردی روکنے میں ناکامی کا الزام بھی عائد کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کا گورنر ہائوس کو آگ لگانے اور وہاں توڑ پھوڑ کرنے کا منصوبہ تھا،تاہم ان کے بقول لوگ اس مقصد کے لیے باہر نہیں نکلے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ شفیع جان بھی بھاگ گئے ہیں اور لانگ مارچ کو آگے بڑھانے والا کوئی نہیں رہا۔
انہوںنے سہیل آفریدی کو سیاسی طور پر کمزور قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ صوبے میں گھومتے گھومتے گم ہو گئے۔انہوںنے کہاکہ خیبرپختونخوا اسمبلی کی حیثیت معطل ہو چکی ہے اور صوبے میں ان ہائوس تبدیلی جیسا کوئی معاملہ زیر غور نہیں۔عطاتارڑنے کہا کہ صوبے کو ایک نیا سیٹ اپ بڑی مہارت سے چلائے گا، جبکہ سہیل آفریدی کی واپسی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس (کل)منگل کو بلایا جائیگا ۔انہوںنے خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے معاملے پر سنجیدہ نہیں تھی اور اس کی نیت بھی درست نہیں تھی۔عطا تارڑ نے مزید یہ بھی کہاکہ 9مئی کے مقدمات میں مفرور افراد کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert