خیبر پختونخوا میں گورنر راج ضرورت کے مطابق جاری رہے گا، انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے: اختیار ولی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم کے معاون خصوصی اختیار ولی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج جب تک ضروری ہوا نافذ رہے گا، ضرورت پڑنے پر اسے آئندہ انتخابات تک بھی برقرار رکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گورنر راج کے باوجود انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے اور انتخابی عمل میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں ہوگی۔
اختیار ولی نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور صوبائی اسمبلی کے ارکان پہلے ہی معطل کیے جا چکے ہیں، جبکہ ان کے بقول صوبائی اسمبلی فعال نہیں ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ سہیل آفریدی حفاظتی تحویل میں ہیں اور انہوں نے خود کو رضاکارانہ طور پر حکام کے حوالے کیا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ اب بلاامتیاز احتساب کیا جائے گا اور کسی کو بھی نہیں بخشا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں انتظامی نظام خراب ہو چکا ہے اور بعض اضلاع عملاً دہشت گردوں کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔
اختیار ولی نے کہا کہ وفاقی حکومت کا صوبے میں کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے، بلکہ اس کی توجہ امن و امان کی بحالی اور ترقیاتی عمل کو فروغ دینے پر مرکوز ہے۔
ان کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ، صوبائی حکومت کے مستقبل، امن و امان کی صورت حال اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے سیاسی بحث جاری ہے۔

WhatsApp
Get Alert