خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع میں دفعہ 144 نافذ، سیاسی اجتماعات اور اسلحے کی نمائش پر پابندی

پشاور(قدرت روزنامہ)خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع میں امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت سیاسی اجتماعات، ریلیوں، غیر مجاز جلسوں اور اسلحے کی نمائش پر 30 روز کے لیے پابندی عائد کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دفعہ 144 کے تحت پابندیاں شانگلہ، بونیر، ہنگو، چترال، اپر دیر اور لوئر دیر میں نافذ کی گئی ہیں۔
جاری کردہ احکامات کے مطابق سیاسی ریلیوں، عوامی اجتماعات، غیر مجاز اجتماع، نفرت انگیز تقاریر اور اسلحے کی نمائش پر پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ پانچ سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
بونیر کے ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 188 کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب چترال میں ضلعی انتظامیہ نے تعلیمی ادارے بند کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، جس کے تحت اسکولوں، کالجوں اور جامعات سمیت تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نافذ کردہ پابندیوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ تعاون کریں۔
انتظامیہ کے مطابق ان اقدامات کا مقصد امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔
