اتار چڑھاؤ آئیں گے لیکن آپ لوگوں نے گھبرانا نہیں ہے، محسن نقوی کا کے پی ایڈوائزری کونسل کو پیغام

آج فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ وفاق اور صوبائی حکومت ایک پیج پر ہیں، پولیس و انتظامی فورسز کی مکمل سرپرستی کے ذریعے صوبے میں امن قائم کیا جائے گا؛ وفاقی وزیر داخلہ کی گفتگو


پشاور(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخواہ کی امن و امان کی صورتحال اور انتظامی امور پر کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں سکیورٹی و انتظامی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر ایک پیج پر ہیں، اور پولیس و انتظامی فورسز کی مکمل سرپرستی کے ذریعے صوبے میں امن قائم کیا جائے گا۔
اس حوالے سے پشاور میں ایڈوائزری کونسل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ سابق صوبائی حکومت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں درکار قیادت فراہم نہیں کی، اتار چڑھاؤ آئیں گے لیکن آپ لوگوں نے گھبرانا نہیں ہے، مشکل وقت بھی آئے گا تاہم حوصلے سے کام لینا ہوگا، صوبے میں پولیس فورس کو بااختیار بنانے اور سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے پانچ پانچ اضلاع کے تناسب سے مرحلہ وار اقدامات کیے جائیں گے تاکہ فورس کی کارکردگی کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہریوں کو فورس کی کارکردگی میں واضح تبدیلی نظر آئے گی کیونکہ جب حکومت سیکیورٹی اداروں کو لیڈ کرتی ہے اور ان کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے تو وہی اہلکار بہترین نتائج فراہم کرتے ہیں، بعض عناصر کا خیال تھا کہ وہ سڑکیں بلاک کر کے پورے صوبے کو جام کر دیں گے اور آگ لگائیں گے، ان کے پیغامات بھی سب کے سامنے موجود ہیں۔
انہوں نے سیاسی مخالفین کے احتجاجی بیانات پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ آج ہر کوئی دیکھ سکتا ہے کہ صوبے میں صورتحال کیا ہے اور آزادانہ ذرائع سے بھی حقیقت پوچھی جا سکتی ہے، وفاقی حکومت صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام ممکنہ وسیلے اور تعاون فراہم کرتی رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert