عمر گل کرکٹ میں دوبارہ واپسی کے لیے پُرجوش

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق لیجنڈری بولر عمر گل لیجنڈز لیگ کرکٹ کے ساتھ کرکٹ میں دوبارہ واپسی کے لیے پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔لیجنڈز لیگ آج سے عمان میں شروع ہورہی ہے جس میں دُنیائے کرکٹ کے نامور کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دیں گے، عمر گل بھی انہی لیجنڈ کرکٹرز میں شامل ہیں۔


عمر گل نے ٹوئٹر پر لیجنڈز لیگ کے آغاز سے قبل لیجنڈری کھلاڑیوں کے ہمراہ تصویر شیئر کی جن میں اظہر محمود، کامران اکمل، محمد یوسف، تلکارتنے دلشان، نوان کلاسیکرا، سری لنکن باؤلر مرلی دھرن اور دیگر کو دیکھا جاسکتا ہے۔
سابق کرکٹر نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’گیم میں بہترین کرکٹرز کے ساتھ پرانی یادوں کو زندہ کرنا، اور ان کے ساتھ دوبارہ کھیل کر اچھا لگا۔شائقین تین ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں شاہد آفریدی، شعیب اختر، محمد حفیظ، یونس خان، وریندرسہواگ، یوراج سنگھ، جونٹی رہوڈز اور بریٹ لی کو کھیلتا دیکھیں گے۔
رپورٹس کے مطابق بالی وڈ کے سپر اسٹار اداکار امیتابھ بچن اس ایونٹ کے ایمبیسڈر مقرر کیے گئے ہیں۔پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیو سوپر ایونٹ کو براہ راست نشر کرے گا۔