پشاور میں بیک وقت پیدا ہونے والے 6 بچوں میں سے 4 وفات پاگئے
پشاور (قدرت روزنامہ) لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں بیک وقت پیدا ہونے والے 6 بچوں میں سے 4 وفات پاگئے۔ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق وفات پانے والوں میں 3 بچیاں اور ایک بچہ شامل ہے، خاتون کو دو بچیوں کے ساتھ اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ضلع مہمند سے تعلق رکھنے والی خاتون کے ہاں دو روز قبل 6 بچوں کے پیدائش ہوئی، بچے پیدائشی طور پر کمزور تھے جن کے بچنے کی امید کم تھی، اس سے والدین کو آگاہ کردیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر ایبٹ آباد کے نجی اسپتال میں بھی خاتون کے ہاں بیک وقت 7 بچوں کی پیدائش ہوئی تھی۔بیک وقت پیدا ہونے والے سات بچوں میں سے چھ انتقال کرگئے تھے۔ایوب ٹیچنگ اسپتال کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سات میں سے چھ بچے فوت ہوگئے ، جبکہ زندہ رہ جانے والے بچےکی حالت بھی تشویشناک بتائی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بچے کا موجودہ وزن ایک کلو ہے۔
ایوب ٹیچنگ اسپتال میں بچے کو تمام تر ضروری سہولیات دی جا رہی ہیں۔یہاں واضح رہے کہ چند روز قبل قدرت کا کرشمہ ہوا تھا۔ ایبٹ آباد میں خاتون کے ہاں ایک ساتھ 7 بچوں کی پیدائش ہوئی تھی۔ بتایا گیا کہ خیبرپختونخواہ کے ضلع ایبٹ آباد میں واقع ایک نجی ہسپتال میں اللہ نے خاتون کو ایک ساتھ 7 بچوں سے نواز دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایبٹ آباد کے نجی ہسپتال میں 34 سالہ خاتون کے ہاں 7 بچوں کی پیدائش ہوئی، پیدائش کے بعد ڈاکٹرز نے خاتون اور تمام بچوں کو صحت مند قرار دیا۔
بتایا گیا کہ نومولود بچوں میں 4 بیٹے اور 3 بیٹیاں شامل جبکہ خاتون کی پہلے بھی 2 بیٹیاں ہیں۔ ایک ساتھ 7 بچوں کو جنم دینے والی خاتون کا تعلق ضلع بٹگرام سے ہے۔بچوں کے والد نے اردو پوائنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ اللہ نے ان پر بہت کرم کیا ہے۔