24 سال بعد آسٹریلین کرکٹ ٹیم کوخوش آمدید کہنے کیلئے تیار ہیں :محمد رضوان

لاہور(قدرت روزنامہ) نائب ٹیسٹ کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیوی ٹیم کی پاکستان آمد کے منتظرہیں۔ آسٹریلیوی ٹیم کی آمد کا احساس ابھی سے ہورہا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ پوری قوم آسٹریلیا کی ٹیم کوخوش آمدید کہنے کو تیار ہے۔
آسٹریلیا ٹیم کی آمد کا احساس ابھی سے ہو رہا ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کی سیریز کرکٹ کے مداحوں کے لیے بڑی سیریز ہے۔ محمد رضوان کا کہنا تھا کہ چند روز قبل ایشیز کا کامیاب دفاع کرنے والی آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم ایک مضبوط اور مشکل حریف ہے تاہم پاکستان کو اس سیریز میں ہوم گراؤنڈ اور ہوم کراؤڈ کا ایڈوانٹیج ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بابراعظم کی قیادت میں پاکستان نے کیلنڈر ایئر 2021ء میں تینوں طرز کی کرکٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔

آسٹریلیا کی ٹیم 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے انٹرنیشنل اور ایک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے لیے مارچ اور اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ سیریز میں شامل تینوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جبکہ تمام ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔