پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 20 پیسے مہنگا کردیا گیا جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 17 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے۔
پیٹرول کی نئی قیمت 393 روپے 86 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 396 روپے 65 پیسے مقرر کردی گئی۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
دوسری جانب نیوزایجنسی کے مطابق ملک میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار میں ہفتہ وار بنیادوں پر 2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ گیس کی پیداوار تقریبا مستحکم رہی۔ پی پی آئی ایس اور انڈسٹری کے اعداد و شمار کے مطابق 8 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملک میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 62,647 بیرل ریکارڈ کی گئی، جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں 2 فیصد کم ہے۔
پیوستہ ہفتے کے دوران خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 63,747 بیرل ریکارڈ کی گئی تھی۔اعداد و شمار کے مطابق زیر جائزہ ہفتے کے دوران ملک میں گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 2,992 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی، جو پیوستہ ہفتے کی 2,999 ایم ایم سی ایف ڈی پیداوار کے تقریبا برابر ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 8 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 32,161 بیرل، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کی 11,270 بیرل، ماری انرجیز کی 1,345 بیرل جبکہ پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ (پی او ایل) کی 3,326 بیرل ریکارڈ کی گئی۔
مزید برآں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ، مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور تیل کی عالمی سپلائی کو لاحق خطرات کے باعث سرمایہ کاروں اور تاجروں کی توجہ خطے کی صورتحال پر مرکوز ہے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بدھ کی صبح کاروبار کے ابتدائی اوقات میں برینٹ خام تیل کی قیمت 89 سینٹ، یعنی 0.8 فیصد اضافے کے بعد 106.58 ڈالر فی بیرل ہوگئی،جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل 80 سینٹ، یعنی 0.9 فیصد بڑھ کر 94.94 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔
اس سے ایک روز قبل منگل کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کا رجحان ملے جلے انداز میں رہا تھا۔ کاروبار کے اختتام پر برینٹ خام تیل کی قیمت میں 0.9 فیصد کمی ہوئی، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 0.4 فیصد بڑھ گئی تھی۔
