راشد خان نے نیا فلک شارٹ ایجاد کردیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)افغان کرکٹر راشد خان نے کرکٹ میں نیا فلک شارٹ ایجاد کردیا ہے۔کھیلوں کے خبر رساں ادارے کی ویب سائٹ نے سماجی رابطے کی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر راشد خان کی نیٹ پریکٹس کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ فلک شارٹ کھیلتے دکھائی دے رہے ہیں۔


انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں راشد خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ راشد خان ہمیشہ کوئی نئی چیز تخلیق کرتے ہیں۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ راشد خان نئے انداز میں دونوں ٹانگوں کے درمیان سے فلک شارٹ کھیلتے ہیں جس کے بعد وہ خوشی کا بھی اظہار کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ افغان کرکٹر راشد خان نے گذشتہ دنوں بگ بیش لیگ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے ایک میچ میں 17 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جس کے بعد وہ بی بی ایل کی تاریخ میں 6 وکٹیں لینے والے تیسرے بولر بن گئے ہیں۔
علاوہ ازیں راشد خان کا ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پانچواں نمبر ہے جبکہ وہ اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر میں اب تک 56 میچز کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے 103 وکٹیں حاصل کیں ہیں۔