پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 20 پیسے فی لیٹر اضافہ، ڈیزل سستا ہوگیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 20 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 17 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے مقرر کردہ قیمتوں کے طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی ایکس ڈپو قیمتوں میں ردوبدل کیا ہے۔
قیمتوں میں حالیہ تبدیلی کے بعد پیٹرول کی قیمت 392 روپے 66 پیسے فی لیٹر سے بڑھ کر 393 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 396 روپے 82 پیسے سے کم ہوکر 396 روپے 65 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
نئی قیمتوں کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے 20 پیسے اضافہ ہوا ہے، جبکہ ڈیزل 17 پیسے فی لیٹر سستا ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے منگل کے روز پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 71 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 392 روپے 66 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 3 پیسے فی لیٹر کمی کرکے اسے 396 روپے 82 پیسے مقرر کیا گیا تھا۔
حالیہ ردوبدل کے نتیجے میں پیٹرول کی قیمت میں دوبارہ اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں معمولی کمی کی گئی ہے۔
