خیبر پختونخوا میں پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان، شہداء کے خاندانوں کے لیے خصوصی مالی پیکیج بھی متعارف


پشاور(قدرت روزنامہ) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں اور مختلف مراعات میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کے لیے خصوصی مالی امدادی پیکیج دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
یہ اعلانات گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیے گئے، جہاں پولیس کے 54 شہداء کے اہل خانہ میں رہائشی پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے اہلکاروں کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے پولیس اہلکاروں سے زیادہ ہونی چاہئیں۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کی خدمات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے ان کی فلاح و بہبود اور مالی معاونت کی اہمیت پر زور دیا۔
گورنر نے پولیس میں خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل تیز کرنے کا بھی اعلان کیا تاکہ نفری کی کمی کو دور کیا جاسکے اور پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔
انہوں نے دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے خاندانوں کے لیے خصوصی مالی امدادی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کی معاونت اور ان کی ضروریات کا خیال رکھنا اہم ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے پولیس شہداء کی بیٹیوں کی شادیوں کے اخراجات میں مدد کے لیے خصوصی گرانٹ دینے کا بھی اعلان کیا، تاکہ متاثرہ خاندانوں کو مالی مشکلات سے نمٹنے میں سہولت فراہم کی جاسکے۔
تقریب میں انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید، چیف سیکریٹری، پولیس کے اعلیٰ افسران، مشاورتی کونسل کے ارکان اور پولیس شہداء کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران شہداء کے خاندانوں میں رہائشی پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹرز کی تقسیم کو پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کے اعتراف اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert