لاہور: لوہاری گیٹ میں بم دھماکا، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

لاہور (قدرت روزنامہ)لاہور کے معروف لوہاری گیٹ کے علاقے میں دکانوں کے قریب زور دار بم دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے . کمشنر لاہور نے بم دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے .


پولیس کے مطابق سلنڈر پھٹنے سے قریب کھڑی موٹرسائیکلیں جل گئیں . زوردار دھماکے کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے جبکہ قریب موجود بینک کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے . دھماکا ہوتے ہی جائے دھماکا پر پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ریسکیو ادارے اور فائر بریگیڈ کا عملہ فوری پہنچ گیا .
ریسکیو اداروں اور فائر بریگیڈ نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے آگ بجھائی اور جھلس جانے والے افراد کو وہاں سے اسپتال منتقل کیا . میؤ اسپتال کے ایم ایس کے مطابق 25 زخمیوں کو میؤ اسپتال لایا گیا ہے جن میں سے دو زخمی دورانِ علاج دم توڑ گئے جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے جبکہ 4 افراد کی حالت تشویش ناک ہے جن کا آپریشن تھیٹر میں آپریشن جاری اور ان کی جان بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے .
پولیس کی جانب ٹائم ڈیوائس یا ریموٹ کنٹرول بم کے پھٹنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جس کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں . بم ڈسپوزل اسکواڈ، فرانزک ٹیمیں اور دیگر تفتیشی ماہرین دھماکے کے حوالے سے شواہد حاصل کرنے اور نمونے جمع کرنے میں مصروف ہیں . ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کی جگہ پر ڈیڑھ فٹ گہرا گڑھا بھی پڑ گیا ہے . ڈی سی لاہور کی جانب سے انارکلی بازار میں بم ڈسپوزل اسکواڈ تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے .

. .

متعلقہ خبریں