لندن میں اماراتی شاہی خاندان کی خاتون سڑک پر بے ہوش
قریب ہی ایک مرد بھی بے ہوش پڑا تھا، تین سالہ بچہ ننگے پاؤں مصروف شاہراہ کے کنارے کھیل رہا تھا، عدالت نے 5 ہزار پاؤنڈ جرمانہ اور 1 ہزار پاؤنڈ عدالتی اخراجات ادا کرنے کا حکم دے دیا؛ ڈیلی میل کی رپورٹ

لندن(قدرت روزنامہ)لندن کی ایک عدالت کو بتایا گیا ہے کہ ابوظہبی کے شاہی خاندان کی 32 سالہ رکن مہرہ النہیان منشیات کی زائد مقدار کے استعمال کے بعد سڑک پر بے ہوش پائی گئیں، جس پر ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ نے بچے کی دیکھ بھال میں غفلت برتنے کے جرم میں انہیں کمیونٹی آرڈر اور جرمانے کی سزا سنا دی۔برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق مہرہ النہیان جو شادی کے ذریعے ابوظہبی کے حکمران خاندان سے تعلق رکھتی ہیں، انہیں لندن کی ایک سڑک پر ایک بے ہوش شخص کے ساتھ جنگلے کے قریب بے سدھ پڑے پایا گیا، اس واقعے کے وقت وہ ایک تین سالہ بچے کی دیکھ بھال کر رہی تھیں، جسے ایک راہگیر نے بغیر جوتوں کے مصروف سڑک کے قریب اکیلے کھیلتے اور سڑک کی طرف بھاگتے ہوئے دیکھا اور بچے کو محفوظ کیا، سکیورٹی اور پولیس اہلکاروں کی آمد کے بعد بھی وہ آدھے گھنٹے تک بے ہوش رہیں اور ہوش میں آنے پر غیر معمولی ردِعمل کا اظہار کیا۔
Emirati royal passed out on busy west London street with three-year-old child after cocaine binge https://t.co/Am2IoiBzXf
— Daily Mail (@DailyMail) October 14, 2026
عدالتی کارروائی کے دوران استغاثہ نے بتایا کہ پولیس کو تلاشی پر ان کے پاس سے منشیات سے متعلق سامان ملا، ان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مہرہ النہیان نے واقعے کے بعد سے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے منشیات کی بحالی کے مرکز میں علاج شروع کر دیا ہے اور ان کا ارادہ اسے مکمل کرکے اپنی عادت پر قابو پانے کا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ کیس کی سماعت کرتے ہوئے مسٹر جسٹس جانسن نے مہرہ النہیان کو دو سال کا کمیونٹی آرڈر اور بحالی کی شرط کے ساتھ 5 ہزار پاؤنڈ جرمانہ اور 1 ہزار پاؤنڈ عدالتی اخراجات ادا کرنے کا حکم سنایا، جج نے قرار دیا کہ منشیات کے اثر کے باعث بچے کو سڑک پر اکیلا چھوڑنا انتہائی لاپرواہی اور بچے کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف تھا، جس سے کسی بڑے حادثے کا خدشہ موجود تھا۔
