پشاور میں نجی اسکول کی چھت گرنے سے 34 بچے اور ایک ٹیچر جاں بحق

پشاور(قدرت روزنامہ)پشاور میں تین منزلہ نجی اسکول کی چھت گرنے سے متعدد بچوں اور ایک خاتون ٹیچر سمیت 35 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق نجی اسکول کی چھت گرنے کا واقعہ دیر کالونی میں پیش آیا جس میں متعدد بچے ملبے تلے دب کر زخمی ہوگئے۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اسپتال میں 33 لاشیں لائی گئیں جب کہ 2 لاشیں نصیر اللہ بابر میموریل اسپتال میں لائی گئیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ کئی زخمی بچوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 7 سے 13 سال کے درمیان ہیں۔

دوسری جانب سی سی پی او پشاور میاں سعید نے بتایا کہ واقعے میں زخمیوں کی تعداد 40 سے زیادہ ہے جب کہ نجی اسکول کے مالک کو گرفتار کرلیا ہے۔
اسکول کے پرنسپل اور مالک کو گرفتارکرلیا: پولیس
پولیس نے بتایا کہ اسکول کے پرنسپل کو بھی حراست میں لےلیا ہے، یہ ادارہ کب بنا تھا، اس کی انکوائری ہو رہی ہے، واقعے تحقیقات ہو رہی ہیں، ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسکول کی عمارت 3 منزلہ تھی، واقعے سے متعلق انکوائری کمیٹی قائم کردی ہے، انکوائری کمیٹی چھت گرنے کی وجوہات کا پتا لگائےگی۔
ریسکیو حکام کے مطابق اسکول کی عمارت کا ملبہ ہٹایا جا رہا ہے اور ملبے تلے دبے تمام افراد کو نکال لیا گیا ہے۔
نجی اسکول کی عمارت کا تکنیکی معائنہ نہیں کیا گیا تھا: سرکاری ذرائع
سرکاری ذرائع کا کہنا ہےکہ نجی اسکول کی عمارت کا تکنیکی معائنہ نہیں کیا گیا تھا، اسکول مارچ 2026 میں پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ ہوا، خستہ عمارت کے باوجود اسکول کو رجسٹریشن دی گئی۔
ایم ڈی خیبرپختونخوا پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی جاوید اقبال نے بتایا کہ پی ایس آر اے کے پاس عمارتوں کا تکنیکی معائنہ کرنے والی ٹیم نہیں، کلاس رومز اور دیگر انتظامی معیار پورا ہونے پر اسکول رجسٹرڈ کیا، خستہ عمارتوں پر جرمانہ عائد کرنےکا اختیار ہے، اسکول بند کرنے کا نہیں ہے۔
گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے اسکول کی چھت گرنےکے واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی، انہوں حادثے میں زخمی ہونے والے بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔
سانحے میں جاں بحق بچوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی
دیر کالونی اسکول سانحے میں جاں بحق بچوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں گورنر فیصل کریم کنڈی ، مشیر تعلیم عامر عبداللہ سمیت سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔
خیبرپختونخوا میں نجی اسکولوں کی عمارتوں کی انسپکشن کا فیصلہ
دیر کالونی میں اسکول حادثےکے بعد صوبےکے نجی اسکولوں کی عمارتوں کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نجی اسکولوں کی عمارتوں کی ساخت، چھتوں، دیواروں اور بنیادوں کا معائنہ کیا جائےگا۔ نجی اسکولوں کی عمارتوں کی جانچ پڑتال کے لیے ضلعی سطح پر انکوائری کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔ کمیٹیوں میں ضلعی مانیٹرنگ افسر، محکمہ تعلیم اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کے نمائندے شامل ہیں۔کمیٹیوں کو تین روز میں عمارتوں کی حالت اور حفاظتی انتظامات سے متعلق رپورٹ پیش کرنےکی ہدایت کی گئی ہے۔
غیر محفوظ عمارتوں کی نشاندہی کرکے ضروری مرمت اور حفاظتی اقدامات کی سفارش کی جائے گی۔ محکمہ تعلیم کی اسکولوں کی عمارتوں میں خامیوں کو بروقت دورکرنےکا طریقہ کار وضع کرنےکی ہدایت کی گئی ہے۔
بچوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا، جس کی کوتاہی ہوگی ان کیخلاف کارروائی ہوگی:ثمربلور
مشیر اطلاعات برائے گورنر مشاورتی کونسل ثمر ہارون بلور نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ افسوس ہےکہ ایسے سسٹم میں موجود ہیں جہاں جواب دہی نہیں، جاں بحق اور زخمی بچوں کے اہلخانہ کو امدادی پیکج دیا جائےگا۔
