ڈیرہ مراد جمالی: کچھی میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ، شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور ہلاک اور تین زخمی
حاجی شہر کی حدود میں لمجی کے قریب دوسہ لاشاری چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، جوابی کارروائی میں حملہ آور ہلاک

فرار ہوتے وقت مسلح افراد اپنے زخمیوں کو ساتھ لے گئے، فورسز کا علاقے میں گھیراؤ کر کے سرچ آپریشن جاری
ڈیرہ مراد جمالی کچھی میں سیکیورٹی فورسز پر مسلح افراد کا حملہ شدید فائرنگ جبکہ جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور ہلاک اور تین زخمی ہوگئے، حملہ آور اپنے زخمی ساتھیوں کو اٹھاکر ساتھ لے گئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس کے مطابق کچھی پولیس تھانہ حاجی شہر کی حدود میں قومی شاہراہ این اے 65 لمجی کے قریب دوسہ لاشاری چیک پوسٹ پر نا معلوم مسلح افراد نے اچانک سیکیورٹی فورسز پر حملہ کردیا اور شدید فائرنگ کی گئی۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فوری اور بھرپور جوابی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک حملہ آور موقع پر ہی ہلاک جبکہ تین دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور پسپا ہوتے ہوئے اپنے زخمی ساتھیوں کو ساتھ لے گئے، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہونے والے حملہ آور کی لاش پولیس نے اپنی تحویل میں لے لی ہے۔ واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
