آبنائے ہرمز میں سنگاپور کا مال بردار جہاز ڈوبنے سے سمندر میں آئی فونز کی برسات ہو گئی

تہران(قدرت روزنامہ)آبنائے ہرمز سے سامنے آنے والی ایک ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی ہے، جس میں سمندر کے پانی پر آئی فونز کے ڈبے اور مہنگے پرفیومز کی پیکنگ بکھری ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ یہ سامان کسی نے جان بوجھ کر پانی میں نہیں پھینکا بلکہ اطلاعات کے مطابق ایک مال بردار جہاز کو پیش آنے والے حادثے کے بعد سمندر میں جا گرا۔
iPhones and other goods float on the sea surface after a container ship sank in the Strait of Hormuz due to hitting a naval mine. https://t.co/L0FYq55h0r
— Middle East Observer (@ME_Observer_) October 14, 2026
وائرل مناظر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پانی پر بڑی تعداد میں موبائل فونز کے پیکٹ اور خوشبوؤں کے ڈبے تیر رہے ہیں، جبکہ قریبی کشتیوں میں موجود کچھ افراد انہیں جمع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ سامان سنگاپور کے پرچم بردار بحری جہاز *جی ایف ایس پرائیڈ* پر موجود تھا، جو دبئی سے اپنا سفر شروع کرنے کے بعد آبنائے ہرمز میں حادثے کا شکار ہوگیا۔
اطلاعات کے مطابق جہاز پر تقریباً 2500 کنٹینرز لادے گئے تھے، جن میں الیکٹرانک مصنوعات، قیمتی پرفیومز اور دیگر تجارتی اشیا شامل تھیں۔ جہاز میں آگ لگنے اور اس کے ڈوبنے کے بعد سامان کا کچھ حصہ پانی میں بہہ گیا۔
تاہم جہاز کو پیش آنے والے واقعے کی وجہ سے متعلق مختلف دعوے سامنے آئے ہیں۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ جہاز غیر مجاز بحری راستے سے گزرتے ہوئے بارودی سرنگ سے ٹکرایا، جبکہ سمندری حکام کے مطابق اسے کسی نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا۔ ان متضاد بیانات کی آزادانہ تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔
اس واقعے میں اطمینان بخش بات یہ ہے کہ سنگاپور کی میری ٹائم اینڈ پورٹ اتھارٹی کے مطابق جہاز پر موجود تمام 21 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
سوشل میڈیا پر پھیلنے والی اس ویڈیو نے لوگوں کو حیران ضرور کیا ہے، لیکن اس کے ساتھ سمندری راستوں سے ہونے والی تجارت، قیمتی سامان کی حفاظت اور بحری سفر کو درپیش خطرات پر بھی توجہ مبذول کرائی ہے۔
