مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے ایک بار پھر غیر سنجیدہ بیان دیا گیا ہے، عظمیٰ بخاری


لاہور (قدرت روزنامہ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے ایک بار پھر غیر سنجیدہ بیان دیا گیا ہے، وہ دہشت گردوں کے حامیوں کی حمایت کر رہے ہیں۔ سابقہ فاٹا کی محرومیوں کے ذمہ دار وفاق نہیں بلکہ تحریک انصاف ہے، جس کی خیبر پختونخوا میں 13 سال سے حکومت رہی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سابقہ فاٹا کی فنڈنگ اور ترقیاتی کام نہ ہونے کا سوال ان کو بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت سے کرنا چاہیے۔ مولانا فضل الرحمٰن اور ان کی جماعت متعدد مرتبہ دہشت گردی کے حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں، اس لیے مولانا فضل الرحمٰن کو اس طرح کا بیان زیب نہیں دیتا۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن ایسے غیر سنجیدہ بیانات دے کر کس کو خوش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں؟ سیاست کریں لیکن اداروں اور شہداء کی تضحیک مت کریں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے کچھ عرصہ قبل بھی شہداء کی تضحیک کی تھی، جبکہ پاک فوج کے حوالے سے ان کے سابقہ بیان پر قوم نے شدید غصے کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف دہشت گرد جماعتوں کی بی ٹیم ہے، یہ بات اب ڈھکی چھپی نہیں رہی۔ وفاق نے شوق سے خیبر پختونخوا میں گورنر راج نافذ نہیں کیا بلکہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج تحریک انصاف کی حکومت کی دہشت گرد دوست پالیسیوں کی وجہ سے لگایا گیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو اپنے بیان پر پشیمانی کا اظہار کرنا چاہیے۔ ان کے بقول مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے قوم میں شدید غم و غصہ پیدا کیا جا رہا ہے، ایک میچور سیاستدان کی طرف سے غیر ذمہ دارانہ بیانات ناقابل قبول ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی مولانا فضل الرحمٰن کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن جیسے سینئر سیاستدان، جو خود دہشت گردی کا شکار رہے ہیں، ان سے دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والوں کی حمایت کی توقع نہیں تھی۔
مریم نواز نے کہا تھا کہ خیبر پختونخوا میں نااہلی، نالائقی اور کرپشن سے صوبے کی بربادی کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کے بجائے ان کی حمایت میں بات کرنا نہایت افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں اپنی حکومت کے خاتمے کی ذمہ دار کوئی اور نہیں بلکہ تحریک انصاف خود ہے۔

WhatsApp
Get Alert