مند اور تمپ میں غریب شہریوں کی گاڑیوں کو نذر آتش کرنا بلوچیت نہیں کھلی بربریت ہے، مینا مجید

دہشت گرد عناصر بھارت کے آلہ کار ہیں، بلوچ قوم خوفزدہ ہوئے بغیر صوبے میں امن کے لیے متحد رہے


عوام دہشت گردوں کی سہولت کاری سے گریز کریں اور مظلوم شہریوں کا ساتھ دیں، مشیر کھیل کا اسمبلی میں خطاب
کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں مشیر کھیل مینا مجید نے کہا ہے کہ مند اور تمپ میں دہشت گردی کے واقعات کے دوران غریب بلوچ شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور راستے بند کرکے لوگوں کی گاڑیاں جلائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک بزرگ شخص مند سے تربت کے درمیان گاڑی چلا کر روزگار کماتا تھا، لیکن دہشت گردوں نے اس کی گاڑی بھی جلا دی۔ ان کے بقول، غریب اور بے بس لوگوں کی گاڑیوں کو نذر آتش کرنا بلوچیت نہیں، بلکہ ایسے اقدامات سے عام شہریوں کو معاشی نقصان پہنچ رہا ہے۔مینا مجید نے الزام عائد کیا کہ یہ عناصر بھارت کے آلہ کار ہیں اور انہیں عوام کے حقوق سے کوئی سروکار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ عناصر غریب اور بے بس لوگوں کو نشانہ بنانے تک محدود رہ گئے ہیں تو انہیں ہتھیار ڈال دینے چاہئیں۔مشیر کھیل نے کہا کہ بلوچستان کے حالات بہتر بنانے کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ دہشت گردوں کی سہولت کاری سے گریز کریں اور مظلوم بلوچ شہریوں کا ساتھ دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچ قوم ایسے عناصر سے خوف زدہ نہیں ہوگی اور عوام کے تحفظ، امن کے قیام اور صوبے کے حالات بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔

WhatsApp
Get Alert