فلم وہی، اسکرپٹ وہی، ہدایتکار وہی، بس کردار اپڈیٹ! نئے فنکاروں اور اداکاروں کو مبارک ہو، حافظ حمد اللہ

جو ذمہ داری عائشہ گلالئی کو دی گئی تھی، وہی ذمہ داری اس بار مریم نواز اور عظمیٰ بخاری کو دی گئی ہے؛ ن لیگ کی مولانا فضل الرحمان پر تنقید پر جے یو آئی ف کے رہنماء کا ردعمل


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)جمعیت علمائے اسلام ف کے مرکزی رہنماء سابق سینیٹر حافظ حمداللہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری پر شدید تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ جو سیاسی کردار ماضی میں عائشہ گلالئی کو سونپا گیا تھا، اب وہی ذمہ داری موجودہ دور میں مریم نواز اور عظمیٰ بخاری کو دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں حافظ حمداللہ نے طنزیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ جو ذمہ داری عائشہ گلالئی کو دی گئی تھی، وہی ذمہ داری اس بار مریم نواز اور عظمی بخاری کو دی گئی ہے، اس بار بھی فلم وہی ہے، اسکرپٹ وہی ہے اور ہدایت کار بھی وہی ہیں۔
حافظ حمداللہ کہتے ہیں کہ فرق صرف اتنا پڑا ہے کہ اب پرانے کرداروں کی جگہ نئے اداکاروں کو اپڈیٹ کر دیا گیا ہے، اس کے علاوہ انہوں نے نئے فنکاروں اور اداکاروں کو اس مبینہ نئی ذمہ داری ملنے پر طنزیہ انداز میں مبارکباد بھی پیش کی اور کہا کہ نئے فنکاروں اور اداکاروں کو مبارک ہو۔


جمعیت علمائے اسلام ف کے مرکزی رہنماء سابق سینیٹر حافظ حمداللہ کا یہ ردعمل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس بیان کے بعد سامنے آیا جس میں ان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان جیسے سینئرسیاستدان سے دہشتگردی کی پشت پناہی کرنے والوں کی حمایت کی توقع نہیں تھی، ان سے پوچھا جائے کہ کیا 13 سال میں وہ کسی ایک شہید کے جنازے میں شریک ہوئے؟۔
مریم نواز نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جیسے سینئر سیاستدان، جو خود دہشت گردی کا شکار رہے ہیں، ان سے دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والوں کی حمایت کی توقع نہیں تھی، نااہلی، نالائقی اور کرپشن سے خیبر پختونخواہ کی بربادی کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کے بجائے ان کی حمایت میں بات کرنا نہایت افسوسناک ہے، جن کی حمایت میں بیانات جاری ہو رہے ہیں، ان سے پوچھا جائے کہ کیا تیرہ سال میں وہ کسی ایک شہید کے جنازے میں بھی شریک ہوئے؟ الٹا دہشت گردوں کو پناہ دی، انہیں پالا پوسا اور پاکستان پر حملہ آور ہونے کے لیے وسائل، پناہ گاہیں اور اپنے صوبے کی زمین فراہم کی۔


وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے خیبر پختونخواہ میں نااہلی کے انبار لگادیئے، وہاں کے عوام کی زندگیاں تباہ و برباد کر دیں اور انہیں دہشت گردی کی نذر کر دیا، صوبے کے قیمتی وسائل دھرنوں اور احتجاجوں پرخرچ کر دیے، اور تیرہ قیمتی سال کرپشن اور نالائقی کی نذر کر دیئے، جس سپہ سالار نے معرکۂ حق میں ملک کو تاریخی فتح سے ہمکنار کیا اور جس کی قیادت میں پاکستان کو حرمین شریفین کے تحفظ کا اعزاز ملا، اس کے بارے میں مولانا صاحب کے الفاظ نے ہر محبِ وطن پاکستانی کا دل دکھایا۔

WhatsApp
Get Alert