ذرا سوچئے: “یہ برین ڈرین نہیں، برین گین ہے!” پاکستانیوں کی بیرون ملک روانگی پر طارق ملک کا تبصرہ

یعنی ڈاکٹر، انجینئر اور آئی ٹی پروفیشنلز باہر جا کر دوسروں کی جی ڈی پی بڑھا رہے ہیں اور ہم کہہ رہے ہیں "شکریہ، ہماری تعلیم و تربیت اور ٹریننگ کامیاب رہی!" سابق چیئرمین نادرا کی ایکس پوسٹ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نادرا کے سابق چیئرمین طارق ملک نے ملک سے باصلاحیت نوجوانوں اور ہنرمندوں کی بڑی تعداد میں بیرونِ ملک منتقلی یعنی برین ڈرین کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کے مستقبل پر عوام کے اعتماد کا فقدان قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے اس تاثر پر شدید تنقید کی کہ ہنرمندوں کا ملک سے جانا “برین ڈرین نہیں بلکہ برین گین” ہے، طارق ملک نے کہا کہ ڈاکٹرز، انجینئرز اور آئی ٹی پروفیشنلز باہر جا کر دوسرے ممالک کی جی ڈی پی میں اضافہ کر رہے ہیں اور ہم اسے اپنی تعلیم و تربیت کی کامیابی قرار دے کر خوش ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ جا رہے ہیں وہ پڑھے لکھے اور باصلاحیت ہیں، جو فی الحال ملک میں موجود ہیں وہ بھی صرف باہر جانے کے موقع کے انتظار میں ہیں، پاکستانی صرف بہتر تنخواہوں یا معاشی مراعات کے لیے بیرونِ ملک نہیں جا رہے، بلکہ وہ عزتِ نفس، میرٹ، انصاف اور اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل کی تلاش میں ہجرت کر رہے ہیں، جب کسی ملک کے باصلاحیت لوگ اچھی ملازمتوں کے باوجود وطن چھوڑنے لگیں تو یہ محض ذہانت کا انخلا نہیں بلکہ ملک کے مستقبل پر اعتماد کے ختم ہونے کا اعلان ہے۔
سابق چیئرمین نادرا نے واضح کیا کہ المیہ یہ نہیں کہ لوگ وطن چھوڑ رہے ہیں بلکہ المیہ یہ ہے کہ وہ وطن میں رہنے کی امید چھوڑ رہے ہیں، قوموں کا اصل زوال تب شروع ہوتا ہے جب ان کے باصلاحیت لوگ ملک چھوڑنے سے پہلے اس کے مستقبل اور نظام پر یقین چھوڑ دیتے ہیں، قومیں صرف خزانے خالی ہونے سے غریب نہیں ہوتیں بلکہ اس وقت بھی کمزور پڑ جاتی ہیں جب ان کے باصلاحیت افراد اپنا مستقبل کسی دوسرے ملک میں تلاش کرنے لگیں۔
بین الاقوامی تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق مشرقی یورپ سے نوجوانوں اور ہنرمندوں کی بڑے پیمانے پر ہجرت نے وہاں کی معاشی ترقی کو سست کیا اور پیداواری صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا، پاکستان کے لیے اصل سوال صرف یہ نہیں کہ بیرونِ ملک جانے والے کتنے ڈالرز بھیجیں گے بلکہ یہ ہے کہ ان کے ساتھ ملک سے کتنی صلاحیت، جدت، قیادت اور مستقبل کی ترقی کے امکانات رخصت ہو رہے ہیں، ترسیلاتِ زر سے زرِمبادلہ تو واپس آ سکتا ہے مگر قوم کا کھویا ہوا اعتماد واپس لانے کیلئے ملک میں انصاف، میرٹ اور امید کو بحال کرنا پڑے گا۔

WhatsApp
Get Alert