شرمیلا فاروقی کی قانونی کارروائی، نادیہ خان بھی میدان میں آگئیں

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی نے والدہ سے سوالات کرنے پر نادیہ خان کیخلاف ایف آئی اے سائبر کرائم میں درخواست جمع کروادی۔شرمیلا فاروقی کی قانونی کارروائی کے بعد بالآخر نادیہ خان خود بھی میدان میں آگئیں اور ایک تفصیلی ویڈیو جاری کی۔
نادیہ خان نے اپنے یوٹیوب چینل ’آؤٹ اسٹائل ڈاٹ کام‘ پر شوہر فیصل کے ہمراہ بیٹھے 30 منٹ اور ایک سیکنڈ پر مبنی ویڈیو جاری کی جس کا عنوان ’شرمیلا فاروقی کے الزامات کا جواب، اب بس بہت ہوگیا‘ رکھا گیا۔اپنی آدھے گھنٹے کی ویڈیو میں نادیہ خان نے انیسہ فاروقی کے ساتھ کیے جانے والے سوالات کے بارے میں بتایا اور کہا کہ انیسہ فاروقی ہماری والدہ کی جگہ ہیں۔نادیہ خان نے کہا کہ اس تقریب میں تمام ہی مشہور شخصیات کو اپنے وی لاگ میں لانے کی کوشش کررہی تھی تو انیسہ فاروقی بھی وہیں موجود تھیں ، لہذا میں نے اُن سے بھی سوالات کیے جس میں کسی قسم کی کوئی ٹرولنگ نہیں تھی۔
اداکارہ نادیہ خان نے کہا کہ میں نے کوئی غلط سوال نہیں کیا ، سوالات کے دوران نہ ہی کوئی غیراخلاقی لفظ کا استعمال کیا ،نہ ہی میں نے کوئی غلط کام کیا ہے۔انہوں نے شرمیلا فاروقی سے کہا کہ مجھ سے اس لہجے میں بات ہرگز نہیں کریں۔نادیہ خان نے کہا کہ ویڈیو اب تک 8 یا 9 لاکھ لوگ دیکھ چکے ہیں جس کے کمنٹس میں صرف ڈانس کی باتیں تھیں، کسی نے محسوس نہیں کیا کہ میں نے انیسہ فاروقی سے غلط لہجے میں سوالات کیے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ ویڈیو شیئر کیے جانے کے 8 روز بعد شرمیلا فاروقی کہتی ہیں کہ نادیہ ایک بےشرم خاتون ہیں تو یہ بات سوشل میڈیا پر وائرل ہوجاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ شرمیلا کو اگر ویڈیو میں اپنی والدہ سے کیے جانے والے سوالات سے مسئلہ تھا تو وہ مجھ سے کہتیں کہ ویڈیو سے میری والدہ والا حصہ ہٹا دیں مجھے یہ پسند نہیں آیا۔نادیہ خان نے کہا کہ شرمیلا فاروقی کے اسٹیٹس لگانے کے بعد میں نے انہیں میسج کیا اور کہا کہ معاملہ زیادہ نہ بڑھائیں کیونکہ اس میں میرا یا آپ کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ آپ کی ضعیف والدہ کا ہے۔
اداکارہ صبور علی اور علی انصاری کی شادی کے موقع پر نادیہ خان نے انیسہ فاروقی کے ساتھ ویڈیو بنائی جس میں وہ رکن سندھ اسمبلی کی والدہ سے ٹرولنگ کرنے کے انداز میں سوالات کر رہی تھیں۔نادیہ خان نے انیسہ فاروقی سے پوچھا تھا کہ آپ کا میک اپ کون کرتا ہے اور ان کے ملبوسات کس کی پسند ہوتی ہیں۔ جس پر انیسہ فاروقی نے اپنی بیٹی شرمیلا فاروقی کا نام لیا تھا۔شرمیلا فاروقی کی والدہ کے ساتھ اس سوالات و جوابات پر مبنی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد نادیہ خان پر تنقید کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔