محکمہ کھیل بلوچستان میں بھرتیاں ‘ بلوچستان اسمبلی میں گرما گرمی ‘ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے حکومتی اراکین کے مینا مجید پر الزامات

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)بلوچستان اسمبلی اجلاس میں پوائنٹ آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی زرک مندوخیل نے مطالبہ کیا کہ محکمہ کھیل میں کلاس فور کی بھرتیوں کے حوالے سے منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لیا جائے۔حکومتی رکن اسمبلی اسفندیار کاکڑ نے بھی بھرتیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ منتخب نمائندے ہیں اور عوام کو جواب دہ ہیں، تاہم محکمہ کھیل میں میرٹ کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلاس فور کی بھرتیوں کے معاملے پر بھی منتخب نمائندوں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔اس موقع پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور مسلم لیگ (ن)اس کی اتحادی جماعت ہے۔ اس نوعیت کی باتوں سے اپنے ہی وزیراعلی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا جا رہا ہے۔اجلاس کے دوران محکمہ کھیل میں بھرتیوں کے معاملے پر حکومتی ارکان کے درمیان سامنے آنے والے اختلافات نے صوبائی حکومت میں میرٹ اور منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لینے کے حوالے سے بحث کو نمایاں کر دیا۔
