مولانا فضل الرحمان سینئر سیاستدان ہیں، ان دنوں غصہ زیادہ ہے لیکن وقت کے ساتھ نارمل ہوجائے گا، رانا ثناءاللہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی مشیر سیاسی امور سینیٹر رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سینئر سیاستدان ہیں، ان دنوں غصہ زیادہ ہے لیکن وقت کے ساتھ نارمل ہوجائے گا، مولانا فضل الرحمان نے ہم سے اور وزیراعظم کے ساتھ ملاقاتوں میں حصہ مانگنے والی کوئی بات نہیں کی، مائنز اینڈ منرلز پر قبضے کی باتیں قومی یکجہتی کیلئے مناسب نہیں ہیں۔
انہوں نے جیو نیوز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک سیاسی پارٹی کے سربراہ ہونے کے ساتھ ایک سینئر سیاستدان بھی ہیں، انہوں نے میاں نوازشریف سے متعلق جو حوالہ دیا ہے، میاں نوازشریف نے جب بات کی تھی تو وہ اس حوالے سے کی تھی کہ اس وقت ملک میں جو حالات تھے، ان میں قمر جاوید باجوہ اور فیض حمید ذاتی طور پرجس طرح ملوث تھے ، اس کی نوازشریف نے نشاندہی کی تھی کہ آپ کو ان چیزوں میں نہیں پڑنا چاہئے۔

مولانا نے اس چیز کا حوالہ تو دیا ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ مولانا کا گورنر راج سے متعلق جو سیاسی نقطہ نظر ہے، ان کو اس پر بات کرنی چاہئے پھر ہم بھی اس کا جواب دینے کا حق رکھتے ہیں، لیکن اس کو خیبرپختونخواہ سے منسلک کرنا ، یا پھر ایسی بات کرنا کہ وہاں پر مائنز اینڈ منرلز پر قبضے کی بات ہورہی ہے، یہ چیزیں ملک کی بنیادی قومی یکجہتی کیلئے مناسب نہیں ہیں۔
مولانا خود اس بات کے حامی رہے ہیں کہ بات سنجیدہ ، آئین قانون کے تقاضوں کے مطابق ہونی چاہیئے،اور انہوں نے ہمیشہ ان چیزوں کو ملحوظ خاطر رکھا بھی ہے۔ مولانا کا ان دنوں میں غصہ زیادہ ہے لیکن وقت کے ساتھ نارمل ہوجائے گا۔ مولانا سے ہماری میٹنگ ہوئی تھی ، جس میں ایاز صادق اور طارق فضل چوہدری بھی ساتھ تھے، اس کے بعد مولانا کی ایک میٹنگ وزیراعظم سے ہوئی تھی، ان دونوں میٹنگز میں کوئی اس قسم کی بات نہیں ہوئی۔

WhatsApp
Get Alert