ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں کہ عمران خان تو سہیل آفریدی کو جانتے تک نہیں ہیں، شیر افضل خان مروت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) رکن قومی اسمبلی شیر افضل خان مروت کا کہنا ہے کہ ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں کہ عمران خان تو سہیل آفریدی کو جانتے تک نہیں ہیں، مراد سعید نے علی امین کو ہٹوایا اور سہیل آفریدی کو وزیراعلی بنوایا، بشری بی بی کی بیٹی کے ذریعے عمران خان سے فیصلہ کروایا گیا، صوبائی حکومت کے سب فیصلے مراد سعید کرتے تھے۔
انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب کو علم ہے کہ خیبرپختونخواہ کے حوالے سے مراد سعید فیصلہ کرتے ہیں، جب علی امین گنڈاپور کو وزیراعلیٰ بنایا گیا اس میں بھی ان کی رائے شامل تھی، جبکہ علی امین خود اس دور میں عمران خان کے بہت قریب تھے۔ وہ تازہ تازہ تین صوبوں کی جیلیں کاٹ کرآئے تھے، صوبائی صدر تھے، جلسے جلوس بھی وہی کرتے تھے۔
علی امین کو ہٹایا بھی مراد سعید کی ایماء پر تھا، پارٹی میں مسائل یہی ہیں کہ حقائق کو کوئی مانتا نہیں ہے۔ پارٹی میں ایسے فیصلے کہ کس کو وزیراعلیٰ بنانا چاہئے یہ اجتماعی دانش کا فیصلہ ہونا چاہیئے، اور وزیراعلیٰ بنانے کیلئے صلاحیتوں کو بھی دیکھنا چاہئے ۔شوکت یوسفزئی سے پوچھ لیں، میں ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں کہ عمران خان تو سہیل آفریدی کو جانتے تک نہیں ہیں، مراد سعید کے کہنے پر وزیراعلیٰ لگایا گیا، مراد سعید ، محمود خان کے حلقے سے منتخب ہوئے تھے، یوں سے کہہ دیا جاتا ہے کہ خان نے کہا ہے کہ اس لئے وزیراعلیٰ بنایا جائے۔
اس موقع پر پروگرام میں پی ٹی آئی رہنماء شوکت یوسفزئی نے کہا کہ حکومت جانے کے ذمہ دار ہم سب پی ٹی آئی کے عہدیدار ہیں کسی ایک پر ذمہ نہیں ڈالا جا سکتا۔۔ اگر سہیل آفریدی کے پاس پلان تھا تو وہ ورکر تک کیوں نہیں پہنچا۔ لانگ مارچ ہوا ہوتا تو کہتے کہ ناکام یا کامیاب ہوا ہے۔ آج تک کسی نے پی ٹی آئی صوبائی حکومت سے بات نہیں کی کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پر کیا کرنا ہے، اسے حکومت ختم کرنے کا بہانہ بنایا گیا، جو حکومت آئی ہے دہشت گردی ختم کرنے وہ سڑکوں کی پیمائشیں کر رہی ہے۔ گورنر میڈیا ٹیموں کو لے کر گھوم رہے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert