سہیل آفریدی اور اسپیکر صوبائی اسمبلی سمیت دیگر کی بازیابی کی درخواستوں پر فریقین سے جواب طلب

ہم کمنٹس منگوا لیتے ہیں، آپ اتنی تیزی نہ کریں، پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ارشد علی کا وکیل سے مکالمہ


پشاورٓ(قدرت روزنامہ)پشاور ہائیکورٹ نے معطل وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، اسپیکر صوبائی اسمبلی اور دیگر افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر فریقین سے 10 روز میں جواب طلب کر لیا۔
خیبر پختونخوا میں 11 اکتوبر 2026 کو ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ گورنر راج اور ایمرجنسی لگانے کے بعد خیبر پختونخوا حکومت کے اختیارات ختم کرکے گورنر کے سپرد کر دیئے گئے، جبکہ معطل وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، صوبائی اسمبلی کے اسپیکر بابرسلیم سواتی اور دیگر پارٹی رہنماؤں کو حراست میں لیے جانے کے معاملے پر تنازع بھی سامنے آیا ہے۔
گورنر راج اور ایمرجنسی لگنے کے دو دن بعد سہیل آفریدی کی مبینہ گمشدگی اور ’حراست‘ کیخلاف ان کے بھائی محمد عامر نے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے ان کو بازیاب کرا کر عدالت پیش کرنے کی استدعا کی تھی۔ محمد عامر نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ ان کے بھائی کو 11 اکتوبر کو دن 2 بجے پولیس افسران کی موجودگی میں وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور سے ”مسلح اور نقاب پوش نامعلوم افراد اغوا کر کے لے گئے“۔
پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس فرح جمشید پر مشتمل بینچ نے بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی۔
درخواست گزاروں کے وکیل کا موقف
دورانِ سماعت درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ معطل وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور اسپیکر صوبائی اسمبلی کو 10 روز قبل لاپتا کیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے بار بار کہا جا رہا ہے کہ مذکورہ افراد اس کے پاس ہیں۔
وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جنید اکبر سمیت مزید 11 افراد کو بھی اسپیکر ہاؤس سے اٹھایا گیا ہے۔ آئین کے تحت اسپیکر کو استثنیٰ حاصل ہے اور انہیں اس طرح اسپیکر ہاؤس سے گرفتار نہیں کیا جا سکتا۔
اس موقع پر جسٹس سید ارشد علی نے ریمارکس دیے کہ ہم کمنٹس منگوا لیتے ہیں، آپ اتنی تیزی نہ کریں۔ بعد ازاں عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 روز میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔

WhatsApp
Get Alert