یکم جنوری 2027 ،بجلی کا نیا ٹیرف 27.31 روپے فی یونٹ ہونے کا امکان


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ملک میں یکم جنوری 2027 سے بجلی کا نیا ٹیرف 27.31 روپے فی یونٹ ہونے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بجلی کی خریداری کی قیمت 2027 میں بڑھ کر 27.309 روپے فی کلو واٹ آور (یونٹ) تک پہنچ سکتی ہے،سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کے نرخوں کی آئندہ نظرثانی کے لیے بنیادی تخمینے کے تحت بجلی کی مجموعی خریداری کی لاگت 3.55 ٹریلین روپے رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
یہ تخمینے واپڈا کی سابقہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں پر نظرثانی کے عمل کا حصہ ہیں جس کا اطلاق یکم جنوری 2027 سے متوقع ہے۔
اس عمل کے دوران نئے دور کیلئے بجلی نرخوں کے تعین میں استعمال نظرثانی شدہ بنیادی لاگت (ریفرنس کاسٹ) کا تعین کیا جائے گا جس کی بنیاد پر صارفین کے لیے بجلی کے ٹیرف مقرر کیے جائیں گے۔
دوسری جانب بجلی چوری اور میٹر میں ٹمپرنگ کرنے والے صارفین کے خلاف کارروائی کے تحت اے ایم آئی سمارٹ سنگل فیز میٹر کی قیمت وصول کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، لیسکو نے میٹر میں ٹمپرنگ یا بجلی چوری کے لیے ہیرا پھیری کی صورت میں صارفین سے سمارٹ میٹر کی قیمت وصول کرنا شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق میٹر میں ٹمپرنگ اور بجلی چوری میں ملوث صارفین کو اب اے ایم آئی سمارٹ سنگل فیز میٹر کی مد میں 14 ہزار 400 روپے ادا کرنا ہوں گے۔ اس سے قبل ایسے صارفین کو سمارٹ میٹر کے بجائے اسٹیٹک میٹر کی قیمت کا ڈیمانڈ نوٹس جاری کیا جاتا تھا، جس کی مالیت 5 ہزار 500 روپے تھی۔
لیسکو نے اب اسٹیٹک میٹر کی جگہ اے ایم آئی سمارٹ سنگل فیز میٹر کے ڈیمانڈ نوٹس جاری کرنا شروع کر دیے ہیں، جس کے باعث میٹر میں ٹمپرنگ یا بجلی چوری میں ملوث صارفین کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ رقم ادا کرنا پڑے گی۔ اس اقدام کا مقصد بجلی چوری اور میٹر میں غیر قانونی ردوبدل کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔

WhatsApp
Get Alert