پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ایل پی جی کی قیمت 500 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، پہاڑی علاقوں میں 600 روپے میں فروخت


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت 500 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں ایل پی جی 600 روپے فی کلوگرام تک فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں صارفین کو سرکاری نرخوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ قیمتوں پر ایل پی جی خریدنا پڑ رہی ہے، جس سے گھریلو صارفین کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
عرفان کھوکھر نے بتایا کہ اکتوبر کے لیے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 279 روپے فی کلوگرام مقرر ہے، تاہم اس کے باوجود پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں گیس 500 روپے فی کلوگرام تک فروخت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑی علاقوں میں صورتحال مزید تشویش ناک ہے، جہاں ایل پی جی کی قیمت 600 روپے فی کلوگرام تک پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
انہوں نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ریگولیٹر ایل پی جی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ان کے مطابق مختلف علاقوں میں سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ قیمتیں وصول کیے جانے کے باوجود مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایل پی جی کی فراہمی کو بہتر بنانے اور قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے ٹرمینل کو استعمال میں لایا جائے۔
عرفان کھوکھر کا کہنا تھا کہ حکومت کو ایل پی جی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے اور مقررہ نرخوں پر فروخت کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہییں تاکہ صارفین کو اضافی مالی بوجھ سے بچایا جا سکے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اس نمایاں اضافے نے ان صارفین کے لیے مشکلات بڑھا دی ہیں جو قدرتی گیس کی عدم دستیابی کے باعث کھانا پکانے اور دیگر گھریلو ضروریات کے لیے ایل پی جی استعمال کرتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert