مشیر کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید کے بھائی اورنگزیب مجید مند سے مبینہ طور پر اغوا
دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار نامعلوم مسلح افراد گن پوائنٹ پر ساتھ لے گئے، ذرائع

وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے پریس کانفرنس میں واقعے کی تصدیق کر دی
تمپ(قدرت روزنامہ) مند سے تعلق رکھنے والی رکن بلوچستان اسمبلی اور مشیر کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید کے بھائی اورنگزیب مجید کو نامعلوم مسلح افراد نے مبینہ طور پر اغوا کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ واقعہ مند کے علاقے بلوچ آباد میں پیش آیا، جہاں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار نامعلوم مسلح افراد نے اورنگزیب مجید کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنایا اور مبینہ طور پر اپنے ساتھ کسی نامعلوم مقام کی جانب لے گئے۔ واقعے سے متعلق مقامی پولیس کا باضابطہ تفصیلی مؤقف تاحال سامنے نہیں آسکا ہے۔
تاہم کوئٹہ میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی پریس کانفرنس کے دورانں صحافی کے سوال پر وزیر داخلہ نے پریس کانفرنس کے دوران واقعے کی باقاعدہ تصدیق کر دی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش پھیل گئی ہے جبکہ سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مغوی کی بحفاظت بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات اور کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
