کراچی میں کورونا شرح ساڑھے 46 فیصد سے متجاوز

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان اور صوبۂ سندھ کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح ساڑھے 46 فیصد سے متجاوز ہو گئی۔محکمۂ صحت کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 46 اعشاریہ 58 فیصد پر جا پہنچی ہے۔
محکمۂ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شہرِ قائد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 760 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے۔محکمۂ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ ان ٹیسٹ کے نتیجے میں 3 ہزار 149 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ادھر سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 17 اعشاریہ 27 فیصد ہو گی۔
محکمۂ صحت کے ذرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حیدر آباد میں 1 ہزار 401 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے، جن کے نتیجے میں 242 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔دوسری جانب سندھ بھر میں کورونا وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 5 لاکھ 16 ہزار 874 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 7 ہزار 727 ہو گئیں۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 7 ہزار 678 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 23 مریض اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 814 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 12 اعشاریہ 93 فیصد پر آ گئی۔ملک بھر میں اب تک 29 ہزار 65 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 53 ہزار 479 ہو چکی ہے۔