موبائل فون کی سم بند کرکے بینک اکاؤنٹس سے کروڑوں روپے نکالنے کا انکشاف

ڈپلیکیٹ سم اور بائیومیٹرک ڈیٹا کے مبینہ غلط استعمال سے دو ارکان اسمبلی اور کراچی کے تاجر کے لاکھوں روپے نکلوا لئے گئے، تحقیقات میں بینک ملازم کا صارفین کا ڈیٹا دوسرے شخص کو فراہم کرنے کا اعتراف، پی ٹی اے نے ٹیلی کام کمپنی کو مجموعی طور پر 15 کروڑ روپے سے زائد کا جرمانہ کردیا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان میں ڈپلیکیٹ موبائل فون سم اور بائیومیٹرک معلومات کے مبینہ غلط استعمال کے ذریعے بینک اکاؤنٹس سے کروڑوں روپے نکالنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ متاثرین میں قومی اسمبلی کے 2 ارکان اور کراچی کا ایک تاجر بھی شامل ہیں، جبکہ ایک کیس کی تحقیقات میں بینک ملازم کی جانب سے صارفین کی خفیہ معلومات دوسرے شخص کو فراہم کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
جیو نیوز کے تحقیقاتی صحافی عمر چیمہ کی رپورٹ کے مطابق جعلسازوں نے متاثرہ افراد کے موبائل نمبروں کی ڈپلیکیٹ سمیں حاصل کرکے اصل سمیں غیر فعال کردیں اور بعد ازاں بینکنگ سہولیات تک رسائی حاصل کرکے رقم دوسرے اکاؤنٹس میں منتقل کی۔
رکن قومی اسمبلی کا موبائل کیسے بند ہوا؟
اکاؤنٹ سے 15 لاکھ روپے غائب رپورٹ کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی فرحان چشتی 12 جنوری کو اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے تو ان کے موبائل فون پر نیٹ ورک کام نہیں کررہا تھا۔
کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود سروس بحال نہ ہوئی تو انہوں نے متعلقہ موبائل کمپنی کے سروس سینٹر سے رابطہ کیا۔ وہاں انہیں بتایا گیا کہ ان کے نمبر پر کراچی کے علاقے ملیر سے ڈپلیکیٹ سم جاری ہوچکی ہے، حالانکہ انہوں نے ایسی کوئی درخواست نہیں دی تھی۔ اس دوران ڈپلیکیٹ سم استعمال کرنے والے شخص نے فرحان چشتی کے بینک اکاؤنٹ کیلئے آن لائن بینکنگ کی سہولت فعال کی، رقم نکلوانے کی حد بڑھائی اور مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے دیگر اکاؤنٹس میں منتقل کردیے۔
رقم وصول کرنے والے اکاؤنٹس میں سکینہ بی بی نامی خاتون کا اکاؤنٹ بھی شامل تھا۔ رپورٹ کے مطابق یہ خاتون خود بھی متاثرہ تھیں کیونکہ ان کے نام پر اکاؤنٹ ان کی معلومات کے بغیر کھولا گیا تھا۔ فرحان چشتی نے معاملے کی شکایت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو کی۔


بائیومیٹرک تصدیق کے باوجود ڈپلیکیٹ سم کیسے جاری ہوئی؟
تحقیقات کے دوران کراچی کے علاقے کھوکھراپار میں سم جاری کرنے والے ریٹیلر سے پوچھ گچھ کی گئی۔
ریٹیلر نے بتایا کہ ایک شخص اپنی والدہ کیلئے ڈپلیکیٹ سم حاصل کرنے آیا اور کہا کہ والدہ کمزوری کے باعث گاڑی سے باہر نہیں آسکتیں، اس لیے بائیومیٹرک مشین گاڑی تک لے جائی جائے۔ تاہم رکن قومی اسمبلی فرحان چشتی کے انگوٹھے کا نشان کس طرح حاصل کیا گیا، یہ بات تاحال واضح نہیں ہوسکی۔ رپورٹ کے مطابق تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ جعلساز لیک ہونے والے ڈیٹا یا مختلف مقامات پر حاصل کیے جانے والے بائیومیٹرک ریکارڈ تک رسائی حاصل کرکے ان معلومات کا غلط استعمال کرتے ہیں۔
دوسرے رکن اسمبلی کے 20 لاکھ روپے
تاجر کے 85 لاکھ روپے نکل گئے اسی نوعیت کے ایک اور واقعے میں رکن قومی اسمبلی شہریار مہر کے بینک اکاؤنٹ سے 20 لاکھ روپے نکالے گئے۔ کراچی کے تاجر سنی کمار بھی جعلسازی کا شکار ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق 29 ستمبر 2025ء کو ٹھٹہ کے علاقے دھابیجی سے ان کے نام پر ڈپلیکیٹ سم جاری کی گئی، جس کے بعد ان کے بینک اکاؤنٹ سے 85 لاکھ روپے نکال لیے گئے۔
فرحان چشتی اور سنی کمار ایک ہی موبائل کمپنی کے صارف تھے۔
بینک ملازم نے صارفین کا ڈیٹا شیئر کرنے کا اعتراف کرلیا
سنی کمار کے کیس کی تحقیقات کے دوران مردان میں واقع ایک بینک برانچ کے ملازم کا کردار سامنے آیا۔ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق متعلقہ ملازم نے ڈپلیکیٹ سم جاری ہونے سے قبل سنی کمار کے اکاؤنٹ کی معلومات دیکھی تھیں۔
اسی ملازم نے تقریباً 30 دیگر بینک اکاؤنٹس کی معلومات تک بھی رسائی حاصل کی، جن سے متعلق تقریباً ڈھائی کروڑ روپے کی مشتبہ مالی سرگرمیوں کا پتا چلا۔ ملازم نے ابتدا میں مؤقف اختیار کیا کہ اس نے ایک دوست کی درخواست پر اکاؤنٹ کا بیلنس چیک کیا تھا، تاہم بعد میں اس نے صارفین کی معلومات اسی دوست کو فراہم کرنے کا اعتراف کیا اور کہا کہ وہ دباؤ میں تھا۔
رپورٹ کے مطابق فون ریکارڈ سے یہ بھی سامنے آیا کہ متعلقہ ملازم نے دوسرے بینک کے ملازم سے صارفین کا ڈیٹا حاصل کرنے کی کوشش کی، جبکہ نادرا کے ایک ملازم کو معلومات فراہم کرنے کے بدلے رقم کی پیشکش کی گئی، جسے اس نے مسترد کردیا۔
پی ٹی اے نے موبائل کمپنی پر 15 کروڑ روپے سے زائد جرمانہ کردیا
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے فرحان چشتی اور سنی کمار کے معاملات میں متعلقہ موبائل کمپنی پر الگ الگ 7 کروڑ 78 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا، جس سے دونوں جرمانوں کی مجموعی رقم 15 کروڑ 56 لاکھ روپے بنتی ہے۔
موبائل کمپنی نے مؤقف اختیار کیا کہ ریٹیلر کو کسی تیسرے شخص نے دھوکا دیا تھا، تاہم پی ٹی اے نے یہ مؤقف مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ کمپنی کے نیٹ ورک سے جاری ہونے والی سم کی ذمہ داری متعلقہ آپریٹر پر عائد ہوتی ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق سنی کمار کو بینک سے اپنی رقم واپس مل گئی، جبکہ بینکوں کیخلاف کارروائی رقم کی واپسی کے احکامات تک محدود رہی۔ رپورٹ میں ایک باخبر ذریعے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دیگر 2 کیسز میں بھی بینک کے اندرونی افراد کے ممکنہ کردار کا شبہ سامنے آیا، تاہم متاثرین کی جانب سے رقم کی واپسی کو ترجیح دینے کے باعث ان معاملات کی مزید تحقیقات آگے نہ بڑھ سکیں۔

WhatsApp
Get Alert