ارکانِ پارلیمنٹ کیلئے تاحیات بلیو پاسپورٹ کی قانون سازی پر حامد میر کا طنز


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) ملک کے معروف صحافی اور تجزیہ کار حامد میر نے ارکانِ پارلیمنٹ کے لیے تاحیات بلیو پاسپورٹ کی سہولت سے متعلق منظور ہونے والی نئی قانون سازی پر طنزیہ انداز میں تبصرہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کی جانب سے ارکان کے لیے تاحیات بلیو پاسپورٹ کے حصول کی قانونی منظوری دی گئی ہے، سینیٹ نے بھی ارکان کو تاحیات سرکاری بلیو پاسپورٹ دینے سے متعلق پاسپورٹس ترمیمی بل 2026ء متفقہ طور پر منظور کرلیا، جس کے تحت تمام موجودہ اراکین پارلیمنٹ سابقہ ہونے کے بعد بھی بلکہ تاحیات اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے، اس خصوصی پاسپورٹ کے ذریعے اراکین بغیر کسی ویزے کے دنیا بھر کے 70 سے زائد ممالک میں آسانی سے داخل ہو سکیں گے۔
نامور صحافی حامد میر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں اس “عظیم قانون سازی” پر ارکانِ پارلیمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے انتہائی تند و تلخ طنز کیا، انہوں نے لکھا کہ یہ سہولت ان تمام دوستوں کے بہت زیادہ کام آئے گی جو اس وقت تو حکومتی اور سرکاری بینچوں پر براجمان ہیں، لیکن اقتدار ہمیشہ ایک جیسا نہیں رہتا اور کچھ ہی عرصے کے بعد وہ سرکار میں نہیں رہیں گے۔

سینئر تجزیہ کار نے پاکستانی سیاست کی پرانی اور تلخ روایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اقتدار سے باہر ہونے کے بعد یہ سیاستدان روایتی طور پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنتے ہیں، ایسی صورت میں یہ تاحیات بلیو پاسپورٹ پاکستان سے فرار ہونے اور ملک سے باہر پناہ لینے میں ان کی بھرپور مدد کرے گا۔
حامد میر کے اس تبصرے نے اس دیرینہ بحث کو پھر سے تازہ کردیا ہے کہ جہاں ایک طرف ملک کے عام شہری مہنگائی، سفری پابندیوں اور ویزہ کے حصول کے لیے شدید مشکلات کا شکار ہیں اور پاسپورٹ کے حصول کے لیے طویل قطاروں میں کھڑے ہونے پر مجبور ہیں، وہیں دوسری طرف ملک کے قانون ساز اپنی سہولت کے لیے ایسے خصوصی مراعاتی قوانین پاس کر رہے ہیں، ملک کو درپیش سنگین معاشی چیلنجز اور عوامی مشکلات کے اس دور میں اراکینِ پارلیمنٹ کی جانب سے اپنے لیے تاحیات بین الاقوامی سفری مراعات اور بلیو پاسپورٹ جیسی سہولیات کی قانون سازی کرنا عوامی جذبات کے برعکس ہے۔

WhatsApp
Get Alert