مینا مجید بلوچ کے بھائی کی مبینہ گمشدگی پر تشویش: انسانی ہمدردی کے تحت فوری اور بحفاظت بازیابی کی پرزور اپیل (کیچ سول سوسائٹی)

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)کیچ سول سوسائٹی نے مند کے مقام پر صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ کے بھائی کی مبینہ گمشدگی پر انتہائی دکھ اور گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری اور بحفاظت بازیابی کے لیے پُراخلاص اپیل کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مینا مجید بلوچ ایک سیاسی شخصیت ہیں اور سیاست میں ہر انسان کے اپنے خیالات ہو سکتے ہیں لیکن کسی کے سیاسی کردار کی وجہ سے اس کے گھریلو افراد کو تکلیف دینا یا انہیں اس معاملے میں گھسیٹنا کسی بھی طور درست نہیں۔ اطلاعات کے مطابق متاثرہ بھائی کا سیاست یا کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں ہے وہ ایک عام شہری ہیں۔
کیچ سول سوسائٹی نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ مکران اور پورے بلوچستان کا معاشرہ ہمیشہ سے باہمی احترام، محبت اور بھائی چارے کی روایات پر قائم رہا ہے۔ سیاسی اختلاف کو کبھی بھی خاندانی سطح پر نہیں لایا جانا چاہیے۔ کسی فرد کی سوچ یا نظریے کی وجہ سے اس کے معصوم اہلِ خانہ کو پریشان کرنا ایک پورے خاندان کے لیے ناقابلِ برداشت صدمہ ہوتا ہے جس سے معاشرتی سکون بھی متاثر ہوتا ہے۔
بیان میں تمام متعلقہ حلقوں اور ذمہ داران سے عاجزانہ اپیل کی گئی ہے کہ وہ بلوچی روایات، اسلامی اخوت اور خالصتاً انسانی ہمدردی کو سامنے رکھتے ہوئے اس معاملے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ اختلافِ رائے اپنی جگہ لیکن خاندانی تقدس کا احترام ہر چیز سے بڑھ کر ہے۔
ہماری یہ اپیل ہمدردانہ ہے کہ ایک گھر کا چشم و چراغ اور بے گناہ بھائی بحفاظت اپنے پیاروں کے پاس واپس لوٹ آئے تاکہ معاشرے میں محبت، سکون اور رواداری کی فضا برقرار رہے۔
