مریم نواز کی حکومت میں فوری انصاف ملتا ہے، وسیم قتل کیس کے ملزم کی ہلاکت پر حنا پرویز بٹ کا ردِعمل
پنجاب میں بچوں اور خواتین کے خلاف ہونے والے گھناؤنے جرائم کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا؛ رہنماء ن لیگ کا بیان

لاہور (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کی رہنماء اور پنجاب اسمبلی کی رکن حنا پرویز بٹ نے ملتان میں 15 سالہ یتیم الیکٹریشن وسیم عباس کو گاڑی کے نیچے کچل کر قتل کرنے والے مرکزی ملزم کی مبینہ سی سی ڈی مقابلے میں ہلاکت پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی حکومت ہے جہاں مظلوموں کو فوری انصاف فراہم کیا جاتا ہے۔
اس حوالے سے ن لیگ کی صوبائی رہنما حنا پرویز بٹ نے اپنے ایک بیان میں زمید کہا کہ پنجاب میں بچوں اور خواتین کے خلاف ہونے والے گھناؤنے جرائم کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے درندہ صفت عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے، حکومتِ پنجاب نے اس لرزہ خیز واقعے پر فوری ایکشن لیا ہے اور شفاف تحقیقات کے ذریعے تمام حقائق کو سامنے لایا جا رہا ہے۔
بتاتے چلیں کہ ملتان میں ایک انتہائی دلخراش واقعہ پیش آیا تھا جہاں مظفر گڑھ کا رہائشی 15 سالہ یتیم بچہ وسیم عباس، جو کام کے دوران مبینہ طور پر بدسلوکی کے بعد خوف زدہ ہو کر وہاں سے بھاگ نکلا تھا، اس کو ظالم ملزمان نے ایک کلومیٹر تک گاڑی کا تعاقب کرنے کے بعد جان بوجھ کر گاڑی کے نیچے کچل کر قتل کر دیا تھا، اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد پورے ملک میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ وسیم عباس کے سر پر شدید چوٹ لگنے، دماغ کو نقصان پہنچنے اور کمر کی ہڈی میں فریکچر کے باعث اس کی موت واقع ہوئی، اس کے جسم پر بھی تشدد اور رگڑ کے نشانات پائے گئے جب کہ یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے خود اس کیس کا نوٹس لیا گیا اور انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو سخت ترین کارروائی کی ہدایت کی۔
بتایا جارہا ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس بہیمانہ قتل میں ملوث مرکزی ملزم توقیر کو حراست میں لے لیا تھا جو بعد ازاں سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ہلاک ہوگیا، جب کہ کیس کے دوسرے مفرور ملزم امجد کی گرفتاری کے لیے مختلف شہروں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں، حکومت کی جانب سے عزم ظاہر کیا گیا ہے کہ اس اندوہناک واقعے کے دوسرے ملزم کو بھی جلد از جلد گرفتار کرلیا جائے گا اور قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
