عنوان: پی ٹی سی ایل کے ریٹائرڈ ملازمین آٹھ ماہ سے پنشن سے محروم، بزرگ پنشنرز اور ان کے خاندانوں کی زندگی اجیرن


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے ریٹائرڈ ملازمین گزشتہ آٹھ ماہ سے پنشن کی عدم ادائیگی کے باعث شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ پنشن کی بندش نے بزرگ پنشنرز اور ان کے اہل خانہ کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ طویل عرصے سے پنشن نہ ملنے کے باعث متعدد خاندانوں کو گھریلو اخراجات پورے کرنے، بچوں کی تعلیمی فیسیں جمع کرانے، ادویات خریدنے اور روزمرہ ضروریات پوری کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
متاثرہ ریٹائرڈ ملازمین کے مطابق انہوں نے اپنی زندگی کے قیمتی سال ادارے کی خدمت میں گزارے اور ملازمت کے دوران اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں، تاہم ریٹائرمنٹ کے بعد پنشن کی عدم ادائیگی نے انہیں شدید پریشانی سے دوچار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پنشن ان کے لیے کسی اضافی سہولت کے بجائے زندگی گزارنے کا بنیادی ذریعہ ہے، جس کے ذریعے وہ اپنے گھروں کے اخراجات، بچوں کی ضروریات اور علاج معالجے کے اخراجات پورے کرتے ہیں۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ آٹھ ماہ سے پنشن نہ ملنے کے باعث گھروں میں فاقہ کشی جیسی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔ کئی خاندانوں کے لیے راشن، بجلی اور گیس کے بلوں کی ادائیگی اور دیگر بنیادی ضروریات پوری کرنا مشکل ہو چکا ہے، جبکہ بچوں کی اسکول اور کالج کی فیسیں بروقت جمع نہ ہونے سے ان کی تعلیم بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

WhatsApp
Get Alert