ہمارے معاشی اقدامات کی دنیا معترف، اپوزیشن کی مصنوعی جی ڈی پی نے ملک کو دیوالیہ کیا ، حماد اظہر کا احسن اقبال کے بیان پر رد عمل
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ ہمارے اقدامات کے باعث ترقی کرتی معیشت کی پوری دنیا معترف ہے جبکہ اپوزیشن نے مصنوعی جی ڈی پی دکھا کر پورے ملک کو دیوالیہ کیا .
قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کی ملکی معیشت اور مہنگائی پر کی جانے والی تنقید پر وفاقی وزیر حماد اظہر کھڑے ہوئے اور کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساڑھے تین سالہ دور میں ملک کی برآمدات بڑھیں جسے پورے دنیا کے ادارے تسلیم کرتے ہیں ، آج بلوم برگ کہتاہے کہ پاکستان کی جی ڈی پی بڑھ رہی ہے اور یہ ہائی گروتھ پر جائے گا، عالمی ادارے کہتے ہیں کہ جیسے پاکستان نے کورونا کو ڈیل کیا ایسے ہی معیشت سے بھی نمٹ رہا ہے .
حماد اظہر نے کہا کہ ن لیگ نے مصنوعی گروتھ کے ذریعے علامی سطح پر پاکستان کی ریٹنگ گرائی ، یہ حقیقت تھی کہ ان کی پانچ اعشاریہ چار فیصد گروتھ نے ملک کو دیوالیہ کر دیا .
احسن اقبال نے ایک بار پھر مائیک سنبھالا اور کہا کہ جناب سپیکر میں معذرت کے ساتھ درخواست کرتا ہوں کہ ایک کے بعد ایک فیل وزیر ہمیں معیشت کا لیکچر نہ دے ، یہ مطالعہ پاکستان کا لیکچر نہیں ہے ، ان کے والد ہمارے ساتھ تھے ، یہ دوسری جماعت میں چلے گئے ، خیر ہم سب اپنی اپنی جماعتوں میں ہیں اور یہاں جتنے بھی پارلیمانی لیڈر ہیں سب اپنے اپنی جماعت کے حکمرانوں کا جواب دینے کیلئے موجود ہیں . پیپلزپارٹی ذوالفقار علی بھٹو ، بینظیر بھٹو اور پھر آصف علی زرداری کے ادوار کا حساب دینے کیلئے موجود ہے ، ہم مسلم لیگ ن اپنے قائد کے تین ادوار کا حساب دینے کیلئے موجود ہیں لیکن قوم ان سے کیسے حساب لے جو چلے گئے .
احسن اقبال نے کہا کہ قوم کو قوم فیلڈ مارشل ایوب خان کے دس سال ، جنرل یحیی کے چار سال ، ضیاء الحق کے 11 سال اور پرویز مشرف کے نو سال کا حساب چاہئے ، یہ حساب کون دے گا . آج ایک بار پھر ملک میں صدارتی نظام کی خبریں گردش کر رہی ہیں ،یہ کون لوگ ہیں جو یہ خبریں پھیلاتے ہیں . پارلیمنٹ کو ، بیورو کریسی کو اور دیگر تمام اداروں سمیت قوم کو اس بات پر متفق ہونا ہوگاکہ ملکی مسائل کا حل صرف اور صرف آئین پر من و عن عمل میں ہی ہے .
. .