پنجاب میں دو جلسوں سے حکمران بوکھلاہٹ کا شکار، وزراء قد کاٹھ دیکھ کر بات کریں: مولانا عبدالغفور حیدری

2018 اور 2024 کے الیکشن دھاندلی زدہ تھے، جے یو آئی کو دبایا نہیں جا سکتا، عوامی شعور بیدار کرنے کی مہم تیز کریں گے: سیکرٹری جنرل جے یو آئی


اوستہ محمد (ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علما اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)اور دیگر جماعتوں سے تعلق رکھنے والے وزرا اور مشیر جمعیت علما اسلام کے خلاف بلاجواز پروپیگنڈا کرنے کے بجائے سیاسی حقائق کو تسلیم کریں۔ جمعیت علما اسلام ایسی بیان بازی اور سیاسی ہتھکنڈوں سے مرعوب ہونے والی جماعت نہیں ہمیں مخالفین کو جواب دینا بھی آتا ہے اس لیے ہر کسی کو اپنے قد کاٹھ کے مطابق بات کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی این پی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جمعیت علما اسلام نے ابھی پنجاب میں صرف دو جلسے کیے ہیں اور مخالفین ابھی سے گھبراہٹ کا شکار دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ آنے والے دنوں میں جمعیت علما اسلام پنجاب میں مزید بڑے سیاسی پروگرام منعقد کرنے جا رہی ہے۔ ان سرگرمیوں کا مقصد عوام میں سیاسی شعور اور آگاہی پیدا کرنا اور جمہوری جدوجہد کے پیغام کو عام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام کی سیاسی سرگرمیوں کا دائرہ مزید وسیع ہوگا اور آنے والے انتخابات میں جماعت ایک مثر سیاسی قوت کے طور پر سامنے آنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ سیاسی مخالفین ماضی کے حالات کو بھی یاد رکھیں جب مولانا فضل الرحمن نے ان کے قائدین کی رہائی کے لیے کردار ادا کیا تھا۔ سیاسی رہنماں کو ماضی کے حقائق فراموش کرنے کے بجائے ذمہ داری اور شائستگی کے ساتھ گفتگو کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے سے جماعت کے مقف اور سیاسی جدوجہد کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علما اسلام نے ہمیشہ جمہوریت کی بالادستی آئین کی حکمرانی اور عوام کے حقِ رائے دہی کے تحفظ کے لیے آواز بلند کی ہے۔ جماعت نے 2018 اور 2024 کے عام انتخابات پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دھاندلی زدہ قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علما اسلام اپنے اصولی موقف پر قائم ہے اور جمہوریت کے استحکام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

WhatsApp
Get Alert