پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں1 روپے 60 پیسے فی لیٹر سستا کردیا گیا جبکہ ڈیزل فی لیٹر 1 روپے 64 پیسے مہنگا کردیا گیا ہے۔
پیٹرول کی نئی قیمت 377 روپے 71 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 391 روپے 75 پیسے مقرر کردی گئی۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
دوسری ایک رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سعودی عرب پر حوثی حملوں کے بعد عالمی توانائی کی منڈیوں میں تشویش بڑھ گئی، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں میں دو ڈالر فی بیرل سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 2.82 ڈالر اضافے کے بعد 111.64 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 2.24 ڈالر بڑھ کر 99.39 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم گزرگاہ ہے۔
اس راستے پر کسی بڑے تعطل سے خام تیل اور قدرتی گیس کی عالمی ترسیل متاثر ہوسکتی ہے، جس کے اثرات توانائی کی قیمتوں اور درآمدی اخراجات پر پڑ سکتے ہیں۔خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہونے کی صورت میں تیل درآمد کرنے والے ممالک کے لیے ایندھن کی خریداری مہنگی ہوسکتی ہے۔ اس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ، بجلی کی پیداوار، صنعتی لاگت اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر دباؤ بڑھنے کا امکان ہوتا ہے۔تاہم عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا اثر ہر ملک میں یکساں نہیں ہوتا۔ مقامی ایندھن کی قیمتیں شرحِ مبادلہ، ٹیکسوں، حکومتی پالیسیوں اور درآمدی لاگت سے بھی متاثر ہوتی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert