حنا پرویز بٹ بھی شرمیلا فاروقی کا ساتھ دینے میدان میں آگئیں

لاہور (قدرت روزنامہ)رکن پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ نون کی رہنما حنا پرویز بٹ بھی پی پی رہنما شرمیلا فاروقی کے حق میں بول پڑیں۔مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں حنا پرویز بٹ نے کہا کہ ’نادیہ خان کی طرف سے شرمیلا فاروقی صاحبہ کی والدہ کا مذاق اڑانا انتہائی قابل مذمت اور شرمناک ہے۔‘


حنا پرویز بٹ نے نادیہ خان سے مخاطب ہوتے ہوئے سوال کیا کہ ’آپ کو کس نے حق دیا کہ آپ دوسروں کا سوشل میڈیا پر مذاق اڑائیں؟‘اُنہوں نے مزید کہا کہ ’یہ چیز بالکل ناقابلِ برداشت ہے اور ہم شرمیلا فاروقی کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘


حنا پرویز بٹ کی حمایت پر شرمیلا فاروقی نے اُن کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اداکارہ صبور علی اور علی انصاری کی شادی کے موقع پر نادیہ خان نے انیسہ فاروقی کے ساتھ ویڈیو بنائی جس میں وہ رکن سندھ اسمبلی کی والدہ سے ٹرولنگ کرنے کے انداز میں سوالات کر رہی تھیں۔
نادیہ خان نے انیسہ فاروقی سے پوچھا تھا کہ آپ کا میک اپ کون کرتا ہے اور ان کے ملبوسات کس کی پسند ہوتی ہیں۔ جس پر انیسہ فاروقی نے اپنی بیٹی شرمیلا فاروقی کا نام لیا تھا۔شرمیلا فاروقی کی والدہ کے ساتھ اس سوالات و جوابات پر مبنی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد نادیہ خان پر تنقید کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔
دوسری جانب گزشتہ روز شرمیلا فاروقی نے نادیہ خان کی جانب سے والدہ انیسہ فاروقی کی ٹرولنگ کرنے پر سائبر کرائم کے دفتر میں شکایت درج کروا دی۔