عمران خان کے فیصلوں کے مطابق سہیل آفریدی وزیراعلیٰ اور جنید اکبر خان صوبائی صدر رہیں گے، کسی اور کا سوال ہی پیدا نہیں ہوسکتا، بیرسٹر گوہرخان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ عمران خان کے فیصلوں کے مطابق سہیل آفریدی وزیراعلیٰ اور جنید اکبر خان صوبائی صدر رہیں گے، کسی اور کا سوال ہی پیدا نہیں ہوسکتا، ہم سب عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں، ہماری توجہ خان کے مؤقف، بیانیے پر رہنی چاہیئے۔
ایکس پر جاری چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے پارلیمنٹ کے باہر پارٹی کے اندرونی معاملات، خیبر پختونخوا کے اراکین اسمبلی اور صوبائی تنظیم سے متعلق اہم بیان میں کہا کہ اپنی ہی جماعت کے معاملات پر حقائق کی تصدیق کے بغیر فوری ردِعمل دینے میں احتیاط کرنی چاہیے۔ سیکریٹری جنرل کے ٹویٹ کی بنیاد بننے والی خبر درست نہیں تھی۔
میں نے اس معاملے پر تمام متعلقہ رہنماؤں اور اراکین اسمبلی سے بات کی ہے
خیبر پختونخوا کے تمام اراکین اسمبلی ہمارا فخر اور پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ گزشتہ دو سالوں میں انہوں نے جس ثابت قدمی سے عمران خان کا ساتھ دیا، قربانیاں دیں اور مشکل ترین حالات میں پارٹی کو زندہ رکھا، وہ پوری دنیا کے سامنے ہے۔ ہر جلسے، ہر ریلی اور ہر مارچ میں خیبر پختونخوا کے اراکین اسمبلی نے قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔
یہ تمام اراکین عمران خان ، ان کے نظریے اور ان کی جدوجہد کے ساتھ پہلے سے زیادہ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ انہیں عمران خان کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔ پارٹی کا کوئی بھی رکن اسمبلی خان کی ہدایات سے انحراف کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ ہم ان کی قربانیوں اور خدمات کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ وہ ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے ہیں اور آئندہ بھی پارٹی کے تمام اہم فیصلوں اور مشاورت میں خیبر پختونخوا کی قیادت اور اراکین اسمبلی کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
جہاں تک پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کی صدارت کا تعلق ہے، جنید اکبر خان کو عمران خان نے خود صوبائی صدر مقرر کیا تھا اور میں نے خان کی ہدایات پر ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ وہ بدستور صوبائی صدر رہیں گے۔
ان کی عدم موجودگی میں پارٹی آئین کے مطابق صوبائی تنظیم کے اجلاسوں کی صدارت سینئر نائب صدر نورالحق قادری صاحب کریں گے، جبکہ صوبائی تنظیم کے دیگر امور کی نگرانی علی اصغر خان بطور سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کریں گے۔
اس حوالے سے میری متعلقہ ذمہ داران سے بات ہو چکی ہے اور خیبر پختونخوا کی صوبائی تنظیم کے اجلاس میں بھی یہی خواہش سامنے آئی ہے۔ ان شاء اللہ آج یا کل اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائیگا-
جنید اکبر خان کی واپسی تک صوبائی تنظیم اور موجودہ کابینہ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
ہماری تمام تر توجہ عمران خان کے مؤقف، ان کے بیانیے اور ان کی جدوجہد پر مرکوز رہنی چاہیے۔
کسی بھی اندرونی بحث یا غیر ضروری بیان بازی سے عمران خان کے مقصد اور جدوجہد سے توجہ نہیں ہٹنی چاہیے۔
ہم سب عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں اور ان کے فیصلے اور ہدایات ہی ہمارے لیے حتمی ہی- کئی بار کہہ چکا ہوں سہیل ہی وزیر اعلیٰ ہے- کسی اور کا سوال ہی پیدا نہیں ہوسکتا- یہ فیصلے خان کے ہیں-

WhatsApp
Get Alert