عمران خان 50 ارب کے قرضے لینے پر بھی ٹویٹ کر دیتے، مریم اورنگزیب

(قدرت روزنامہ)مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان 50 ارب کے قرضے لینے پر بھی ٹویٹ کر دیتے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے جی ڈی پی گروتھ بڑھنے کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی صاحب قوم کے ساتھ ٹوئٹ کے ڈرامے کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مالی سال 2018 میں جی ڈی پی گروتھ 6.1 تھی ، آپ نے منفی کر دی ، اب 5.57 پر ٹوئٹ نہیں نالائقی کا ماتم کرنا چاہیے، ملک میں مہنگائی بے روزگاری اور غربت سے عوام مر رہی ہے اور آپ بے شرمی اور ڈھٹائی سے ٹوئٹ کر رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ کے بلند ترین پچاس ارب کے قرضے لینے پہ بھی ٹویٹ کر دیتے ، تین سال میں ساٹھ لاکھ لوگوں کے بے روزگار ہونے پہ بھی ٹویٹ کر دیتے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے کہا کہ تین سال میں دو کروڑ سے زائد پاکستانی غربت کی لکیر کے نیچے دھکیل دینے کا ، تاریخی مالیاتی خسارہ 4400 ارب پہ پہنچ رہا ہے ، مہنگائی 22 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے ان سب کا ٹوئٹ بھی کردیتے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی بدترین سطح، بجلی گیس اور دوائی کے نرخ بھی ٹوئٹ کردیتےعمران صاحب ، تین سال میں پیٹرول کی قیمت میں 55 روپے زائد کا اضافہ ہوا ، اس پر بھی ایک ٹوئٹ کر دیتے۔

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بلند ترین ملکی تجارتی خسارہ 45 ارب ڈالر پہ پہنچ گیا ہے اُس کا بھی ٹویٹ کر دیتے ، ‎تین سال میں ڈالر کی قیمت 123 سے 184 روپے پر لیجانے کے کارنامے کا بھی کوئی ذکر کردیتے ؟

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے کہا کہ ‎ملک میں یوریا کھاد کے لئے دھکے کھاتے کسانوں کی پرسان حالی کا بھی کوئی اعلان کرتے ، یوریا 1200 سے 2800 لینے کے لئے کسانوں کو جو دھکے پڑھ رہے ہیں اُس کا بھی ٹویٹ کر دیتے۔

انہوں نے کہا کہ 40 ارب وفاق اور 1.5 ارب خیبر پختونخوا میں کوویڈ فنڈ سے چوری کرنے کے بعد آج کی اپنے مافیا کو مبارکباد بھی بنتی تھی ، چینی میں 550 ارب ، آٹے میں 1200 ارب دوائی میں 600 ارب اور بی آر ٹی میں 75 ارب کی چوری کا بھی ٹویٹ کرتے۔

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بجلی اورگیس میں 500 ارب کے عوام کے جیب پہ ڈاکے کی بھی ٹویٹ کرتے ، بچوں کے دودھ اور کھانے پینے کی بنیادی اشیاء پر 17 فیصد سیلز ٹیکس کی شرح کرنے کا کارنامہ بھی بیان کردیتے؟