پاک بھارت ٹیمیں پھر آمنے سامنے، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022کا شیڈول جاری ، کس تاریخ کو دونوں ٹیمیں آپس میں ٹکرائیں گی؟
سڈنی (قدرت روزنامہ) آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2022ء کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا جو کہ آسٹریلیا میں 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک کھیلا جائے گا۔
پاکستان براہ راست سپر 12 راؤنڈ میں جگہ بناچکا ہے۔ اس مرتبہ بھی پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک ہی گروپ میں شامل ہیں۔ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈ کپ میچ 23 اکتوبر کو میلبورن میں کھیلا جائے گا۔
بنگلہ دیش اور جنوبی افریقا سمیت پہلے راؤنڈ کی دو ٹیمیں بھی پاکستان سے مقابلہ کریں گی۔پاکستان ٹیم 30 اکتوبر کو گروپ اے کی رنر اپ ٹیم سے میچ کھیلے گی جبکہ جنوبی افریقا سے 3 نومبر اور بنگلہ دیش سے 6 نومبر کو میچ ہوگا۔
ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا افتتاحی میچ پہلے راؤنڈ کی ٹیموں سری لنکا اور نمیبیا کے درمیان 16 اکتوبر کو ہوگا۔ سپر 12 راؤنڈ کا آغاز 22 اکتوبر کو دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا۔ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنلز سڈنی اور ایڈیلیڈ میں 9 اور 10 نومبر کو ہوں گے جب کہ فائنل میلبورن میں 13 نومبر کو ہوگا۔