گرل فرینڈ کی ماں کو گردہ عطیہ کرنے والے شخص کو دھوکا، لڑکی نے کسی اور سے شادی کرلی

میکسکو (قدرت روزنامہ)اپنی گرل فرینڈ کو متاثر کرنے کے لیے لڑکے اکثر حد سے گزر جاتے ہیں ، ان میں اکثر کامیاب ہوتے ہیںاور کافی بار لڑکوں کو منہ کی کھانی پڑتی ہے۔ ایسا ہی ایک عجیب و غریب واقعہ میکسکو کی ریاست باجا کیلیفورنیا میں پیش آیا جہاں اوزیل مارٹینز نامی شخص نے اپنی گرل فرینڈ کی ماں کی جان بچانے کیلئے اپنا گردہ عطیہ کیا۔ مگر اس کی بدقسمتی نکلی کہ لڑکی نے ایک ماہ بعد ہی اسے چھوڑ کر کسی اور سےشادی کرلی۔ غیر ملکی رپورٹس کے مطابق اوزیل جو پیشے سے ایک استاد ہے ،

اس نے ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو میں کہا کہ اس نے اپنی گرل فرینڈ کی ماں کی جان بچانے کے لیے اپنا گردہ عطیہ کیا۔ تاہم آپریشن کے ایک ماہ بعد گرل فرینڈ نے اسے چھوڑ کر کسی اور سے شادی کر لی۔ اوزیل مارٹینز کی اسی ویڈیو کو اب تک ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے اور صارفین ویڈیو کے کمنٹس سیکشن میں اس سے ہمدردی کا اظہار بھی کررہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ایک اور ویڈیو میں اوزیل نے کہا کہ ‘دراصل میں ٹھیک ہوں،میں اور وہ اب دوست نہیں ہیں لیکن پھر بھی ہم ایک دوسرے سے نفرت نہیں کرتے ‘تاہم انہوں نے دوسرے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے تعلقات میں ایسی غلطی نہ کریں۔